حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) حیدرآباد میں ان دنوں چکن کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اس کی وجہ سپلائی مانگ کے مطابق نہ ہونا ہے ۔ شہر میں عید الفطر سے چند دن قبل چکن کی قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہوا ۔ یکم مئی کو اسکن لیس چکن کی قیمت 240 روپئے فی کلو گرام تھی اب 294 روپئے تک پہنچ گئی ہے ۔ مہینے کے شروع میں زندہ مرغی کی قیمت 140 روپئے فی کلو گرام تھی جو اب 184 روپئے ہوگئی ہے ۔ایگل فشریز کے سید قمر الدین نے کہا کہ چکنس کی قلت کے باعث گذشتہ چند دنوں سے قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔
شہر میں چکن کی قیمتوں میں اضافہ کی دوسری وجوہات بھی ہیں ۔ سپلائی ، مانگ کے مطابق نہ ہونے کے علاوہ شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ کی وجہ بھی چکن کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ چکن ٹریڈرس قیمتوں میں اضافہ کو چارہ کی قیمت اور ٹرانسپورٹ چارجس میں اضافہ سے بھی منسوب کررہے ہیں ۔ ہر سال موسم گرما میں پولٹری کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے کیوں کہ گرمی کے باعث برڈس مرتے ہیں اور ان کا برتھ ریٹ بھی گھٹ جاتا ہے ۔ چنانچہ نقصانات کو کم کرنے کے لیے پولٹری فارمرس قیمتوں میں اضافہ کرتے ہیں ۔ شہر میں گرمی کی شدت کم ہونے کے بعد چکن کی قیمتوں میں کمی ہوسکتی ہے ۔



