سالانہ 300 کروڑ روپئے کی آمدنی کا منصوبہ ۔ ملازمین کو کارگو شعبہ میں تبادلے کرنے کی بھی تیاریاں
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) تلنگانہ آر ٹی سی نے کارگو خدمات پر بہتر عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے کارگو چارجس میں 10 تا 100 روپئے کا اضافہ کردیا ہے جس پر /26 ڈسمبر سے عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے ۔ آر ٹی سی نے کارگو خدمات سے سالانہ کم از کم 300 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل کرنے کی حکمت عملی تیاری کی ہے ۔
خسارے میں چلنے والے آر ٹی سی کو فائدے بخش ادارے میں تبدیل کرنے کیلئے ٹی ایس ۔ آر ٹی سی کی جانب سے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس کے لئے اشیاء کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک منتقل کرنے کیلئے کارگو خدمات کا آغازکیا ہے ۔ مارکٹ میں موجود مختلف دوسرے اداروں کے بہ نسبت کم قیمت پر کارگو کی خدمات پیش کی جس پر عوام کا مثبت ردعمل حاصل ہوا ۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا کارگو خدمات پر بھی اثر پڑا ہے
کارگو کے ذریعہ آمدنی بڑھانے کے علاوہ خدمات کو توسیع دینے کیلئے آر ٹی سی کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ فی الحال آر ٹی سی کارگو سے روزانہ 20 لاکھ روپئے کی آمدنی حاصل ہورہی ہے ۔ جس کو سالانہ 300 کروڑ روپئے تک بڑھانے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔
آئندہ تین ماہ کے دوران یومیہ آمدنی کو 20 لاکھ سے بڑھاکر 50 لاکھ کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ چند بسوں کو ٹرانسپورٹ کیلئے خصوصی ڈیک تیار کئے گئے ہیں ۔ مزید چند بسوں کے پچھلے حصہ میں کم از کم دو ٹن وزنی اشیاء رکھنے کی گنجائش کاانتظام کیا جارہا ہے ۔
چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر گزشتہ سال ٹی ایس آر ٹی سی کارگو خدمات کا آغاز کیا گیا ۔ آر ٹی سی کے فاضل ملازمین اور عہدیداروں کو کارگو شعبہ میں تبادلے کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ہر ڈپو ۔ بس اسٹیشن کے علاوہ دیگر اہم مقامات پر کارگو کاؤنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔



