ملبورن، ۴/نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ نے رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب تک شاندار گیند بازی کی ہے۔ وہ اب تک کھیلے گئے 4 میچوں میں 9 وکٹیں لے چکے ہیں۔ وہ ٹیم انڈیا کے سابق بولر آر پی سنگھ کے ایک خاص ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے ہیں ۔ اس کے لیے انہیں فقط 4 وکٹیں لینا ہوں گی۔ ٹیم انڈیا اپنا آخری گروپ میچ 6 نومبر کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔ اس میں ارشدیپ سنگھ ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیزن میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ آر پی سنگھ کے پاس ہے۔ انہوں نے 2007 میں 12 وکٹیں حاصل کیں۔ اس معاملہ میں سابق آل راؤنڈرعرفان پٹھان دوسرے نمبر پر ہیں۔
عرفان پٹھان نے 2007 میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ آشیش نہرا بھی دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 2010 میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ اس معاملہ میں لکشمی پتی بالاجی اور ارشدیپ سنگھ 9-9 کی ٹائی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ارشدیپ 4 وکٹیں لیتے ہی T20 ورلڈ کپ کے سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے ہندوستانی گیند باز بن جائیں گے۔ہندوستان نے T20 ورلڈ کپ 2022 میں اب تک 4 میچ کھیلے ہیں اور اس دوران 3 میچ جیتے ہیں۔ بھارت کا پہلا میچ پاکستان کیخلاف تھا۔ اس میں انہوں نے سنسنی خیز فتح درج کی۔ ارشدیپ نے اس میچ میں 32 رن دے کر 3 وکٹ لی تھیں۔



