
پورے ملک میں بھارت بند کا رہا ملا جلا اثر
نئی دہلی: (اردودنیا.اِن) کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (سی اے ٹی) نے ای وے بل ، پٹرول ڈیزل کی بڑھتی قیمت اور جی ایس ٹی کیخلاف آج ہندوستان بند کا مطالبہ کیا ۔ آل انڈیا ٹرانسپورٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (AITWA) ، روڈ ٹرانسپورٹ شعبہ کی تنظیم اور دیگرتجارتی تنظیموں نے بھی اس بند کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
جی ایس ٹی اور تیل کی قیمتوں کیخلاف بھارت بند، ۸ ؍کروڑ تاجر کی حمایت
سی اے ٹی کے جنرل سکریٹری پروین کھنڈوال نے کہا کہ جمعہ کے روز ملک بھر میں 1500 مقامات پر ایک مظاہرہے کئے گئے ۔ 40 ہزار سے زیادہ کاروباری تنظیموں سے وابستہ 8 کروڑ کے قریب تاجربرادری اس بند کی حمایت کر ر ہی ہے ۔
کیٹ کے مطابق گذشتہ سال 22 دسمبر کو اور اس کے بعد جی ایس ٹی قواعد میں بہت سی تبدیلیاں کی گئیں، اس میں حکام کو بہت زیادہ اختیار دیا گیا ہے، یعنی اب کوئی بھی افسر کسی بھی وجہ سے کسی بھی تاجر کے جی ایس ٹی رجسٹریشن نمبر کو معطل یا منسوخ کرسکتا ہے۔
بینک اکاؤنٹ اور جائیداد بھی ضبط کر سکتے ہیں۔
سب سے بڑی سنگین وجہ یہ ہے کہ ایسا کرنے سے قبل تاجر کو کوئی نوٹس بھی نہیں دیا جائے گا۔ یہ تاجروں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔خیال رہے کہ یکم جنوری سے لاگو ہونے والے نئے ای وے بل ضابطہ سے ٹرانسپورٹ اور تاجروں کا تعلق ہے کیونکہ ای وے بل کی حد کو 100 کلومیٹر سے بڑھا کر 200 کلومیٹر کردیا گیا ہے۔
در حقیقت 2021-22 کے بجٹ میں ای وے بل کی دفعہ 129 میں تبدیلی کی گئی ہے ۔
اس کے مطابق اگر بل میں کوئی غلطی ہوتی ہے تو پھر ٹیکس اور جرمانہ دونوں عائد کیے جائیں گے۔ نیزجو ٹیکس پہلے واپس کیا جاتا تھا اب وہ نہیں ہوگا۔ یعنی اگر نادانستہ طور پر چھوٹی سی غلطی ہوجائے ، توپلنٹی اور جرمانہ دونوںوصول کیا جائے گا۔تمام ریاستی ٹرانسپورٹ یونینوں نے بھی نئے ای وے بل قانون سازی کی مخالفت میں سی اے ٹی کی حمایت کی ہے۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر کے علاوہ بڑی تعداد میں قومی تجارتی تنظیموں نے بھی اس بند کی حمایت کی ہے۔
جبکہ آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس (اے آئی ایم ٹی سی) اور بھائی چارہ آل انڈیا ٹرک آپریٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (بی اے ٹی او اے) احتجاج میں شامل نہیں ہوں گی۔واضح ہو کہ راجستھان میں بھارت بند کو تاجروں کی مبینہ طور پر حمایت نہیں ملی ہے ،
ا طلاع کے مطابق یہاں بازار کھلے ہیں اور عام دنوں کی طرح کام جاری ہے۔ کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (CAIT) کی قومی سینئر نائب صدر سیما سیٹھی نے بتایا کہ ہم نے تاجروں کے مفاد کے لئے کوشش کی ہے ، لیکن ایسا لگتا ہے کہ انہیں اس کی اہمیت کا احساس نہیں ہے،
اس لئے انہو ں نے حمایت نہیں کی ۔اگر انہیں اس بند کی اہمیت کا احساس ہوتا ہے تو ، وہ ہمارے ساتھ ہوتے۔ وہیں انہوں نے پوری ریاست میں 60 فیصد بھارت بند کے کامیاب ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
جب کہ بی جے پی کی زیر اقتدارصوبہ یوپی میں بھارت بند کا کوئی اثر نظر نہیں آیا ۔ آل انڈیا ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن (اے آئی ٹی ڈبلیو اے) نے اس بند کی حمایت کا اعلان کیا تھا ، لیکن ریاست میں ٹرانسپورٹرز اپنے قول میں ہی منحرف ہوگئے ، اس کی وجہ سے ٹریفک کے باوجود متعدد شہروں میں ٹرک کی آمدو رفت جاری رہی ۔



