
طوفان’یاس ‘ : بنگال کے نشیبی علاقوں سے لوگوں کی منتقلی ، 5 ریاستوں میں تعینات این ڈی آر ایف کی 85 ٹیمیں
کولکاتہ/ بھونیشور :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سال کا دوسرا گردابی طوفان ’’یاس ‘‘مغربی بنگال اور اڈیشہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ توقع ہے کہ 26 مئی کی شام تک طوفان کے شمالی اوڈیشہ میں پیرادیپ اور مغربی بنگال میں ساگر جزیرے سے ٹکرائے گا ۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے’ یاس ‘کو انتہائی شدید طوفان کے زمرے میں شامل کیا ہے۔ یہ طوفان مغربی بنگال ، اوڈیشہ ، آندھرا پردیش ، تمل ناڈو ، اور انڈمان اور نِکوبار جزیرے جیسی ریاستوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔
مغربی بنگال اور مشرقی مدنا پور کے جنوبی 24 پرگنہ میں نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کئے جانے کا کام شروع ہوچکا ہے۔ مرکزی حکومت نے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 85 ٹیموں کو 5 ریاستوں میں تعینات کیا ہے۔ ممکنہ طور پر طوفان سے سب سے زیادہ نقصان مغربی بنگال اور اڈیشہ کو ہوسکتا ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق ہوائیں یہاں 185 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔ پیر کے روز یعنی آج یہ ایک طوفان میں تبدیل ہوجائے گا اور اگلے 24 گھنٹوں میں یہ ایک انتہائی شدید طوفان میں بدل جائے گا۔ اس کے بعد یہ پھر سے شمال اور شمال مغرب کی سمت بڑھے گا ۔ 26 مئی کی صبح گردابی طوفان مغربی بنگال اور اڈیشہ کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھنا شروع کرے گا۔
خیال رہے کہ آرمی ، بحریہ اور ایئر فورس اس سے نمٹنے کے لئے کمر بستہ ہیں۔ نقصان کے امکان کے پیش نظر تینوں فورسز نے متعدد ٹیمیں تعینات کی ہیں۔ طوفانی الرٹ کے پیش نظر ریلوے نے 24 سے 29 مئی تک 25 ٹرینیں بھی منسوخ کی ہیں۔



