بین الاقوامی خبریں

اقوام متحدہ کا انکشاف:بھارت نے روہنگیا مسلمانوں کو جبراً ملک بدر کیا

انسانی حقوق کی خلاف ورزی!

جنیوا:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ ولکر ترک نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے روہنگیا مسلمانوں کے کئی گروپس کو زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے ملک بدر کیا ہے۔انسانی حقوق کونسل کے 60ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ولکر ترک نے کہا کہ دنیا بھر میں پناہ گزینوں اور مہاجرین کے حقوق کی خلاف ورزی اب ایک معمول بنتی جا رہی ہے، جو ایک تشویشناک رجحان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان اور ایران نے لاکھوں افغان شہریوں کو زبردستی واپس بھیجا، جبکہ بھارت نے بھی روہنگیا مسلمانوں کو مختلف راستوں سے ڈی پورٹ کیا۔”

یو این رپورٹ کے مطابق بھارت میں تقریباً 40 ہزار روہنگیا مقیم ہیں، جن میں سے کم از کم 20 ہزار اقوام متحدہ کے پناہ گزین ادارے کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ولکر ترک نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ یورپی ممالک جیسے جرمنی، یونان اور ہنگری نے حالیہ اقدامات کے ذریعے پناہ لینے کے حقوق کو محدود کر دیا ہے۔ اسی طرح امریکہ نے بھی بعض حکومتوں کے ساتھ ایسے معاہدے کیے ہیں جن کے تحت تیسرے ممالک کے شہریوں کو ان کے وطن کے بجائے کسی اور جگہ بھیج دیا جائے گا۔یو این کمشنر نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کریں تاکہ ہر بچہ چاہے وہ کسان ہو، ڈاکٹر یا ڈیجیٹل ورکر، یہ سمجھ سکے کہ انسانی حقوق ان کا بنیادی حق ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button