ڈھاکہ؍نئی دہلی ، 24دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈھاکہ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کا تیسرا دن انتہائی سنسنی خیز رہا۔ ٹیم انڈیا کو میچ جیتنے کے لیے 145 رنز کا ہدف ملا ہے جس کے جواب میں اس نے دن کا کھیل ختم ہونے تک چار وکٹوں کے نقصان پر 45 رنز بنا لیے ہیں۔بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل (26*) اور جے دیو انادکت (3*) کریز پر ہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز کھیلنے آئی تو پہلے سیشن میں ہی اس نے اپنی چار وکٹیں گنوا ئیں۔ دوسرے دن بغیر کسی نقصان کے سات رنز بنانے والی بنگلہ دیشی ٹیم کو نجم الحسن شانتو، مومن الحق، شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کی صورت میں چار جھٹکے لگے۔ اوپنر بلے باز ذاکر حسن نے51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تاہم وہ بھی 102 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ بنگلہ دیش کی چھٹی وکٹ بھی 113 کے سکور پر گری ۔
لٹن داس نے بھی ایک سرے پر بیٹنگ کی اور نورالحسن کے ساتھ 46 رنز کی اہم شراکت داری کی۔ نورالحسن نے 29 گیندوں میں 31 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔ اس کے بعد لٹن نے تسکین احمد کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 60 رنز کی شراکت داری کی جس کی وجہ سے بنگلہ دیش نے جدوجہد کے قابل سکور بنالیا۔ لٹن نے 73 رنز کی میراتھن اننگز کھیلی اور پھر محمد سراج کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔ تسکین 31 رنز بنانے کے بعد آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔ انڈیا کی جانب سے اکشر پٹیل نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کی۔145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم تیسرے اوور میں ہی کے ایل راہل کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد پجارا 12 کے اسکور پر اور شوبھ من گل بھی 29 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی تین بلے باز دوہرے ہندسے کو بھی نہ چھو سکے۔ وراٹ کوہلی بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور صرف ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے، مہندی حسن معراج نے تین اور شکیب الحسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وراٹ کوہلی آؤٹ ہونے پر بنگلہ دیشی کھلاڑی پر برہم ، تکرار کی نوبت
نئی دہلی ، 24دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈھاکہ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز وراٹ کوہلی مسلسل بحث میں رہے۔کوہلی نے بنگلہ دیش کے اوپنر نجم الحسن شانتو کو سلیج کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ دن کے کھیل کے اختتام پر جب کوہلی بیٹنگ کرتے ہوئے آؤٹ ہوئے ،تو ان کا بنگلہ دیش کے بولر تیج الاسلام سے ٹکراؤ ہوا۔ اب اس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔کوہلی نے جب مہندی حسن معراج کے خلاف 22 گیندوں میں ایک رن بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوائی تو بنگلہ دیشی کیمپ نے اس کا خوب جشن منایا۔ اس دوران تیج الاسلام نے کوہلی سے کچھ کہا جس پر وہ غصے میں آگئے اور واپس کھلاڑیوں کی طرف جانے لگے۔ آن فیلڈ امپائر وہاں پہنچے اور کوہلی کو آگے جانے سے روک دیا اور اسی دوران بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن بھی وہاں پہنچ گئے۔
کوہلی نے شکیب الحسن سے شکایت کی جس کے بعد شکیب واپس جاتے ہوئے تیجول کو کچھ سمجھاتے نظر آئے۔ کوہلی کے ردعمل کو دیکھ کر ایک بات تو واضح تھی کہ وہ بنگلہ دیشی کھلاڑی کے رویے سے بالکل خوش نہیں ہیں۔میچ کا تیسرا دن کوہلی کے لیے اچھا نہیں رہا کیونکہ ان کے ساتھ بہت کچھ غلط ہو گیا تھا۔ بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں کوہلی نے سلپ میں کئی کیچز چھوڑے۔ ان میں سے کچھ کیچ مشکل تھے، لیکن کوہلی جس طرح کے فیلڈر ہیں، اس سے ہمیشہ ایسے کیچ لینے کی امید کی جاتی ہے۔ اس کے بعد جب انہیں بیٹنگ میں ہندوستانی اننگز کو سنبھالنا پڑا تو وہ 22 گیندوں میں صرف ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔



