نئی دہلی ، 30ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستان کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ آسٹریلیا میں ہونے والے T20 ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ بمراہ کا ورلڈ کپ میں نہ کھیلنا ٹیم انڈیا کے لیے بڑا جھٹکا ہے۔ آسٹریلیا کے اسٹار فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ٹیم انڈیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جسپریت بمراہ کی کمی محسوس کرے گی۔ بمراہ کے علاوہ اسٹار آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ بھی انجری کی وجہ سے ورلڈ کپ نہیں کھیل پائیں گے۔ ہیزل ووڈ نے بمراہ کو ٹی 20 فارمیٹ میں نمبر ایک بولر قرار دیا ہے۔
ہیزل ووڈ نے کہا کہ جسپریت بمراہ T20 کرکٹ میں دنیا کے نمبر ایک بولر ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں۔ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں نمبر ایک ہیزل ووڈ نے کہا کہ ہم نے آئی پی ایل اور بین الاقوامی کرکٹ میں بمراہ کو بولنگ کرتے دیکھا ہے۔ بمراہ حیرت انگیز یارکر گیند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔جس طرح بمراہ اپنی رفتار بدلتے ہیں وہ لاجواب ہے۔ ٹیم انڈیا کو T20 ورلڈ کپ میں بمراہ کی کمی محسوس ہوگی۔
خیال رہے کہ کہ کمر درد کے مسئلے کی وجہ سے جسپریت بمراہ ایشیا کپ کا حصہ بھی نہیں بن سکے تھے۔ تاہم بمراہ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے اور تیسرے T20 میچ میں حصہ لیا۔ لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز شروع ہونے سے قبل بمراہ ایک بار پھر زخمی ہو گئے۔جسپریت بمراہ کی چوٹ بہت سنگین ہے اور انہیں کم از کم 6 ماہ تک کرکٹ کے میدان سے دور رہنا پڑ سکتا ہے۔



