نئی دہلی ،10؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ٹیم انڈیا کے تجربہ کار کھلاڑی ایس سری سنت کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر یہ معلومات شیئر کیں۔ سری سنت نے بتایا کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے ساتھ تمام فارمیٹس سے بھی ریٹائر ہو رہے ہیں۔ سری سنت پر آئی پی ایل 2013 کے دوران میچ فکسنگ کا الزام تھا۔
اس کے بعد اس پر پابندی لگا دی گئی۔ پابندی کے بعد انہوں نے واپسی کی۔ لیکن آئی پی ایل کی نیلامی میں انہیں کسی نے نہیں خریدا۔ سری سنت کا آخری میچ میگھالیہ کے خلاف کھیلا تھا۔
فروری 2022 میں کھیلے گئے اس میچ میں انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔سری سنت نے ٹوئٹر پر لکھاکہ آج میرے لیے ایک مشکل دن ہے، نیز یہ شکرگزاری کا دن ہے۔ ای سی سی کے لیے کھیلنا، ارناکولم ضلع کے لیے ایک الگ تجربہ رہا ہے۔ ایک کرکٹ کھلاڑی کی حیثیت سے اپنے 25 سالہ کیریئر کے دوران میں نے ہمیشہ مسابقت، جذبے اور استقامت کے اعلیٰ معیار کے ساتھ تیاری اور تربیت کرتے ہوئے کرکٹ کے کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے اور جیتنے کی کوشش کی ہے۔
اپنے خاندان، اپنے ساتھیوں اور ہندوستان کے لوگوں کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے لکھاکہ بڑے دکھ کے ساتھ لیکن افسوس کے بغیر میں بھاری دل کے ساتھ یہ کہہ رہا ہوں، میں ہندوستانی ڈومیسٹک (فرسٹ کلاس اور تمام فارمیٹس) کرکٹ سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔
کرکٹرز کی اگلی نسل کے لیے،میں نے اپنا فرسٹ کلاس کرکٹ کیریئر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ میرا ہے، تاہم میں جانتا ہوں کہ اس سے مجھے خوشی نہیں ملے گی لیکن اس وقت ایسا قدم اٹھا نا میری زندگی میں صحیح اور باعزت قدم ہے۔
میں نے ہر لمحے کی قدر کی ہے۔اگر ہم سری سنت کے کیریئر پر نظر ڈالیں تو وہ بہت اچھا رہا ہے۔ وہ ٹیم انڈیا کے لیے 27 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ اس دوران سری سنت نے 87 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 53 ون ڈے میچوں میں 75 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
جبکہ انہوں نے 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 7 وکٹیں حاصل کی ہیں اور سری سنت نے آئی پی ایل کے 44 میچوں میں 40 وکٹیں حاصل کی ہیں۔



