سعودی سارجنٹ کا سوڈان سے آنے والے ہندوستانی شہریوں کا اردو میں خیر مقدم
سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے
ریاض ،29اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)خانہ جنگی کے دوچار سوڈان سے غیر ملکیوں کے انخلاء کا عمل جاری ہے اور غیر ملکیوں کو وہاں سے نکالنے میں سعودی عرب نے فعال کردار ادا کیا ہے۔ سوڈان سے آنے والے شہریوں کا سعودی عرب میں استقبال کیا جارہا ہے اور انہیں ان کے ملکوں کو روانہ کرنے کے لیے ہرممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں سوڈان سے انخلاء کے بعد مملکت میں پہنچنے والے ایک بھارتی گروپ کے ساتھ ایک سعودی خاتون سارجنٹ روان الدمجان Saudi Air Force Sergeant Rawan al-Damjan کو اردو زبان میں بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وہ بھارتی تارکین وطن سے ان کا حال احوال پوچھ رہی ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا رہی ہیں۔خاتون سارجنٹ نے بھارتی باشندوں کے تمام استفسارات کے اردو میں جواب دے کر انہیں حیران کر دیا۔ اس موقع پر تارکین وطن میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔
قابل ذکر ہے کہ سوڈانی فوج اور سریع الحرکت فورسز آر ایس ایف نے جمعرات کو سعودی امریکی ثالثی کے بعد 72 گھنٹے کی جنگ بندی کا اعلان کیا۔ تاہم، جھڑپیں دوبارہ شروع ہو گئیں۔ دونوں فورسز نے ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر حملے کیے۔ خرطوم، ام درمان اور دارالحکومت میں صدارتی محل کے آس پاس جھڑپیں جاری رہیں۔
Sergeant "Rawan Al Damjan” from the #Saudi Air Force welcomes, in Urdu, Indian nationals coming from #Sudan pic.twitter.com/6KFzMHJ24C
— د. هشام بن عبدالعزيز الغنام (@HeshamAlghannam) April 28, 2023



