بین الاقوامی خبریں

کویت ایئرپورٹ پر ایرانی ڈرون حملہ، ایک ہندوستانی شہری ہلاک، 63 افراد زخمی

کویت ایئرپورٹ پر ایرانی حملے کے بعد ایک ہندوستانی شہری کی ہلاکت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق

کویت سٹی 03 جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بدھ کے روز ہونے والے ایرانی ڈرون حملے میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک جبکہ 63 افراد زخمی ہو گئے۔ کویتی حکام اور ہندوستانی سفارت خانے نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

کویت میں ہندوستانی سفارت خانے نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حملے میں ایک ہندوستانی شہری کی المناک موت ہوئی ہے۔ سفارت خانے نے مرحوم کے اہل خانہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کویتی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ متاثرہ خاندان اور زخمی ہندوستانی شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے۔

کویتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کے ترجمان عبداللہ الراجی نے بتایا کہ ایرانی حملے کے نتیجے میں ہوائی اڈے کے ٹرمینل نمبر ایک کو نقصان پہنچا، جس کے بعد ملک بھر میں فضائی ٹریفک عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔ حملے کے باعث جانی نقصان کے ساتھ ہوائی اڈے کی بعض تنصیبات بھی متاثر ہوئیں۔

ہندوستانی سفارت خانے نے ہلاک ہونے والے شہری کی شناخت یا دیگر تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کیں۔

کویت کی وزارت صحت کے سرکاری ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السناد نے بتایا کہ واقعے کے بعد اب تک 63 زخمیوں کو مختلف سرکاری اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق فروانیہ اسپتال میں 34، جابر اسپتال میں 17، جراح اسپتال میں 5، العدن اسپتال میں 3، العمیری اسپتال میں 2 جبکہ الصباح اور مبارک الکبیر اسپتال میں ایک ایک زخمی زیر علاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 زخمیوں کی ہنگامی بنیادوں پر سرجری کی گئی، جبکہ متعدد دیگر افراد کی معمولی مرہم پٹی بھی کی گئی ہے۔ طبی ماہرین شدید زخمی مریضوں کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور انہیں انتہائی نگہداشت سمیت جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث خطے کے اہم فضائی اور تجارتی مراکز بھی متاثر ہونے لگے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button