آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں وراٹ کوہلی کو ہوا نقصان

دبئی: (اردودنیا.اِن)آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں وراٹ کوہلی کو نقصان ہو ااور وہ ایک مقام نیچے آگئے ہیں۔ ہندوستان کے خلاف چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آسٹریلیائی بلے باز مارنس لبوشین اب تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ وراٹ کوہلی چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن پہلے جبکہ اسٹیو اسمتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ٹاپ دس بیٹسمینوں کے بارے میں بات کریں تو ورات کے علاوہ چیتشور پجارا چھٹے نمبر پرپہنچ گئے ہیں۔ پجارا کوایک مقام کا فائدہ ہوا اور وہ ساتویں سے چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ اس کے علاوہ اجنکیا رہانے کو بھی ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ نویں سے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ورات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف صرف ایک ٹیسٹ کھیلا تھا اور وہ تین ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے ، جس کی وجہ سے انہیں خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لبوشین نے چار میچوں میں 53.25 کی اوسط سے 426 رنز بنائے۔ اسی دوران اسٹیو اسمتھ نے چار میچوں میں 313 رنز بنائے۔ بلے بازوں کی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر آنے والے روٹ نے سری لنکا کے خلاف عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 2 ٹیسٹ میں 400 سے زیادہ رنز بنائے۔ اور بابر اعظم ساتویں نمبر پرپہنچ گئے ہیں۔
ٹیسٹ میں گیندبازوںکی درجہ بندی کے بارے میں بات کریں تو آر اشون ٹاپ ٹین میں آٹھویں نمبر پر ہیں اور جسپریت بمراہ نویں پوزیشن پر ہیں۔ پیٹ کمنس پہلے نمبر پر ہیں ، جبکہ اسٹورٹ براڈ دوسرے نمبر پر ہیں۔ جیمس اینڈرسن چھٹے نمبر پرپہنچ گئے ہیں۔



