قومی خبریں

انڈین یونین مسلم لیگ ایک سیکولرجماعت ہے:راہل گاندھی

راہل گاندھی سے پوچھا گیا کہ آپ کا کیرالہ میں انڈین یونین مسلم لیگ کے ساتھ اتحاد ہے؟ تو اس کے جواب میں گاندھی نے کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ مکمل طور پر سیکولر جماعت ہے

واشنگٹن،2 جون :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کانگریس لیڈر راہل گاندھی ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں۔ وہ منگل کو یہاں پہنچے تھے۔ ان کا دورہ شروع ہوتے ہی ہندوستان کے سیاسی گلیاروں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ الزام تراشی کا کھیل شروع ہو چکا ہے۔ اسی سلسلے میں واشنگٹن میں راہل گاندھی نے انڈین یونین مسلم لیگ کو سیکولر قرار دیا۔ اس پر بی جے پی نے ان پر طنز کیا ہے۔دراصل، جب پریس کلب آف امریکہ میں راہل گاندھی سے پوچھا گیا کہ آپ کا کیرالہ میں انڈین یونین مسلم لیگ کے ساتھ اتحاد ہے؟ تو اس کے جواب میں گاندھی نے کہا کہ انڈین یونین مسلم لیگ مکمل طور پر سیکولر جماعت ہے،لیگ میں کچھ غیر سیکولر نہیں ہے۔

انڈین یونین مسلم لیگ کیرالہ کی ایک جماعت ہے۔ یہ کانگریس کی قیادت والی یوڈی ایف کی روایتی حلیف ہے۔ امریکہ میں دیئے گئے بیان پر ہندوستان میں سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔بی جے پی اور کانگریس ایک دوسرے پر حملہ آور ہیں۔ بی جے پی نے مسلم لیگ کو سیکولر پارٹی کہنے پر راہل کی تنقید کی ہے۔ وہیںکانگریس نے بھی بی جے پی لیڈر کو مشورہ دیا۔ بی جے پی کے امیت مالویہ نے کہا کہ مذہبی خطوط پر ہندوستان کی تقسیم کی ذمہ دار جماعت جناح کی مسلم لیگ کو راہل گاندھی سیکولر پارٹی کہہ رہے ہیں۔ مالویہ نے مزید کہا کہ راہل بھلے ہی کم پڑھے لکھے ہوں، لیکن یہاں وہ منافق ہیں۔وائناڈ میںمقبولیت برقرار رکھنے کے لیے راہل گاندھی مسلم لیگ کو سیکولر پارٹی کہنے پر مجبور ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس کی سپریا نے مالویہ پر جوابی حملہ کیا۔ انہوں نے راہل گاندھی کے امریکی سفر کا پتہ لگانے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ کچھ اور نیند سے محروم دن کے لیے خود کو تیار کریں۔کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے بھی بی جے پی کو گھیر ا ہے۔ ناگپور میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بی جے پی کے ذریعہ انڈین یونین آف مسلم لیگ کے دو ارکان کو شامل کرنے کی 2012 کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مالویہ کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے مالویہ سے پوچھا بھائی کیا آپ ان پڑھ ہیں؟ کیرالہ کی مسلم لیگ اور جناح کی مسلم لیگ میں فرق نہیں جانتے؟ جناح کی مسلم لیگ وہ ہے جس کے ساتھ آپ کے آباؤ اجداد نے اتحاد کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button