پیرس، 8اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) پیرس اولمپکس سے بھارتی خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کی نااہلی کی خبر سے ابھی بھارتی شائقین ابھر بھی نہیں پائے تھے کہ انھیں ایک اور مایوس خبر یہ مل گئی کہ ایک اور بھارتی خاتون پہلوان انتم پنگھل کو پیرس سے ڈی پورٹ کیا جائے گا۔دراصل انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (IOA) نے پہلوان خاتون اور ان کے معاون عملے کو نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی او اے نے ایک پریس ریلیز میں اعلان کیا کہ پہلوان نے فرانسیسی حکام کی طرف سے مقرر کردہ تادیبی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ جس کی وجہ سے انتم پنگھل اور ان کے معاون عملے کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دراصل انتم پنگھل کی بہن نِشا نے پہلوان کے شناختی کارڈ کو لیکر اولمپک ولیج میں داخل ہوگئیں تھیں جو کی غیر قانونی ہے۔جہاں انھیں سکیورٹی ٹیم نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ اس کے علاوہ انتم پنگھل کے معاون عملے کے دو دیگر ارکان میڈیا کی منظوری کا غلط استعمال کرتے ہوئے پائے گئے۔آئی او اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انتم پنگھل نے اپنی بہن کو شناختی کارڈ دیا تاکہ وہ اس کی منظوری کی بنیاد پر اولمپک ولیج میں داخل ہوسکے۔
فرانسیسی حکام نے آئی او اے سے شکایت کی جس کے بعد انتم پنگھل کو اس کے معاون عملے کے ساتھ بھارت واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس سے قبل بھارتی کشتی مہم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا تھا جب بدھ کے روز ونیش پھوگاٹ کو زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے پیرس اولمپکس سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ ونیش نے فائنل میں جگہ بنا کر ملک کے لیے چاندی کا تمغہ یقینی بنا دیا تھا لیکن ان کی نااہلی کی وجہ سے تمغہ منسوخ کر دیا گیا۔ بھارت اب تک پیرس اولمپکس میں چاندی یا سونے کا کوئی بھی تمغہ نہیں جیت سکا ہے۔



