قومی خبریں

ملک بھر میں انڈیگو کی سینکڑوں پروازیں منسوخ، مسافروں کی مشکلات میں اضافہ

ملک بھر میں افراتفری,پارلیمنٹ میں سوالات

نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو (IndiGo) شدید آپریشنل بحران کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ چند دنوں کے دوران سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ اچانک منسوخیوں اور مسلسل تاخیر نے ملک بھر کے مسافروں کی مشکلات بڑھا دی ہیں، جبکہ ایئرپورٹس پر لمبی قطاریں اور بے ترتیبی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ تین دنوں سے جاری اس خلل نے نہ صرف مسافروں کو متاثر کیا بلکہ مختلف شہروں کے ہوائی اڈوں پر ہنگامی صورتحال بھی پیدا کر دی ہے۔

پروازوں کی بڑے پیمانے پر منسوخی کا معاملہ پارلیمنٹ تک پہنچ گیا، جہاں ارکانِ پارلیمنٹ نے اس پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے وضاحت طلب کی۔ کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ پرمود تیواری نے راجیہ سبھا میں مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ انڈیگو کی 500 سے زائد پروازوں کی منسوخی نے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ اراکینِ ایوان کو بھی پریشان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ اور اتوار کو ایوان کی کارروائی نہیں ہوتی، اس لیے بہت سے ارکان اپنے حلقوں کا سفر کرتے ہیں، مگر اچانک منسوخیوں نے انہیں بھی متاثر کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایئرلائن ذمہ داری قبول کرے اور متاثرہ مسافروں کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔

چیئرمین راجیہ سبھا نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وزیرِ پارلیمانی امور کو ہدایت دی کہ وہ پوری تیاری کے ساتھ ایوان کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کریں۔ دوسری جانب IndiGo کے سی ای او نے اپنے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ موجودہ حالات نے فلائٹس کو وقت پر بحال کرنا مشکل بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق ٹیمیں آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں، تاہم حالات معمول پر آنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

ایئرلائن نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ ترین معلومات ضرور چیک کریں۔ ادھر سوشل میڈیا پر بھی مسافر شدید ناراضی کا اظہار کر رہے ہیں اور ریفنڈ کے ساتھ مناسب معاوضے کا مطالبہ سامنے آ رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر انڈیگو نے بروقت اقدامات نہ کیے تو یہ بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button