نئی دہلی، 23 جون (اردودنیا/ایجنسیاں)ایئرلائنس انڈگو بدھ سے ان تمام مسافروں کو 10 فیصد فیس چھوٹ کی پیش کش کرے گی جن کوکووڈ19 ویکسین کی کم از کم ایک خوراک مل گئی ہے۔ یہ معلومات ایک بیان میں دی گئی۔ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چھوٹ بنیادی فیس پر دی جائے گی اور یہ چھوٹ صرف ایک محدود زمرہ میں دستیاب ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ یہ چھوٹ صرف ان 18 سال یا اس سے اوپر کی عمر کے افراد کے لئے دستیاب ہے جوٹیکہ لگواچکے ہیں،
جو بکنگ کے وقت ہندوستان میں موجود ہیں اور جنہیں ملک میں کووڈ 19 ویکسین (کم از کم ایک خوراک)مل چکی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بکنگ کے وقت چھوٹ سے فائدہ اٹھانے والے مسافروں کو ایئرپورٹ چیک ان کاؤنٹر کے ساتھ ساتھ بورڈنگ گیٹ پر وزارت صحت و خاندانی بہبود کی طرف سے جاری کردہ کووڈ 19 کے ٹیکوں کا درست سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔
اس میں مزید کہا گیاکہ وہ آروگیہ سیٹو موبائل ایپلی کیشن کے ذریعہ ائیرپورٹ چیک ان کاؤنٹر یا بورڈنگ گیٹ پر بھی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھا سکتے ہیں۔انڈیگو کے چیف اسٹراٹیجی اینڈ ریونیو آفیسر سنجے کمار نے کہاکہ ہم محسوس کرتے ہیں کہ ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن کی حیثیت سے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو حفاظتی ٹیکہ سازی مہم کے مشترکہ مقصد کی طرف راغب کرتے ہوئے اس مہم میں حصہ ڈالیں۔



