نئی دہلی،2اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ورلڈ کپ 2023 5 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ اس کے سبھی میچز ہندوستان میں کھیلے جائیں گے۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں 15 اکتوبر کو ٹکرانے والی تھیں، لیکن سیکورٹی ایجنسیوں نے اس میں تبدیلی کی تجویز دی تھی۔ اس کے بعد آئی سی سی نے اس میں تبدیلی کرتے ہوئے اس کی تاریخ 14 اکتوبر کر دی۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ایک روز قبل میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان سے 15 اکتوبر کی بجائے 14 اکتوبر کو کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان کا سری لنکا کے خلاف میچ بھی 2 روز قبل ہوگا۔ پہلے یہ میچ 12 اکتوبر کو کھیلا جانا تھا، لیکن اب یہ میچ 10 اکتوبر کو ہوگا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم کو ہندوستان کے خلاف میچ سے پہلے 3 دنوں کا وقفہ مل جائے گا۔بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کچھ دنوں پہلے کہا تھا کہ ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ کے مقام میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، لیکن تاریخ میں تبدیلی کا امکان ہے۔ ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ کی تاریخ میں تبدیلی ہوسکتی ہے کیونکہ یہ میچ نوراتری کے پہلے دن ہے۔ ایسے میں سیکورٹی ایجنسیوں نے تبدیلی کے لئے بی سی سی آئی کو مشورہ دیا ہے۔بتا دیں کہ آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق فی الحال اس میچ کی تاریخ 15 اکتوبر ہے۔ وہ چند دنوں میں نیا شیڈول جاری کر سکتا ہے، جس میں کچھ میچوں کی تاریخ میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ گجرات کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ کے مقام میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہوگی۔



