
ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 100 روپے کی کمی کا اعلان
ملک بھر میں ایل پی جی سلنڈر سستا ہو گیا
نئی دہلی ،8مارچ:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ملک بھر میں ایل پی جی سلنڈر سستا ہو گیا ہے۔ پی ایم مودی نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت نے خواتین کے عالمی دن کے پیش نظر ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 100 روپے کی کمی کی ہے۔انہوں نے یہ جانکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں دی ہے۔پی ایم مودی نے اپنی پوسٹ میں لکھاکہ آج خواتین کے دن کے موقع پر، ہماری حکومت نے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 100 روپے کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے ملک بھر کے لاکھوں خاندانوں، خاص طور پر ہماری ناری شکتی پر مالی بوجھ میں نمایاں کمی آئے گی۔
کھانا پکانے کی گیس کو مزید سستی بنا کر خاندانوں کی خوشحالی اور صحت مند ماحول کو یقینی بنانے میں مدد کرنا بھی ہے۔ یہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے لیے زندگی کی آسانی کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کے مطابق ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ اس کٹوتی کے بعد راجدھانی دہلی میں ایل پی جی کی قیمت 903 روپے سے کم ہو کر 803 روپے فی 14.2 کلوگرام ہو گئی ہے۔پچھلے سال اکتوبر میں، حکومت نے 14.2 کلوگرام سلنڈر پر سبسڈی کو 200 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی سلنڈر کر دیا تھا، جو ہر سال 12 ری فل کرنے کے لیے تھی۔ 300 روپے فی سلنڈر کی یہ سبسڈی موجودہ مالی سال کے لیے تھی، جو 31 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔



