جموں18اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اس ماہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ دہشت گرد غیر کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کر رہے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ فوج کے جوان دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے انکاؤنٹر بھی کر رہے ہیں۔ ادھر انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر کشمیر کے کئی علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کر دی ہے۔
کشمیر کے وہ علاقے جہاں انٹرنیٹ خدمات پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں سری نگر کے عیدگاہ ، کمارواڑی ، شورہ ، ایم آر گنگ ، نوہٹہ ، انچار وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کولگام کے وانپوہ ، کموہ اور شمالی پلوامہ میں بھی موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ہے۔ وادی کے کل 11 علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات معطل کردی گئی ہیں۔رواں ماہ کشمیر میں کئی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
کولگام کے وانپوہ علاقے میں دہشت گردوں نے گزشتہ روز بہار میں رہنے والے تین مزدوروں پر فائرنگ کی جس میں دوہلاک ہوگئے۔ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ہفتے کے روزبھی دہشت گردوں نے پلوامہ اور سری نگر میں یوپی اور بہار کے مزدوروں پر تباہی مچائی ، جس میں دونوں مارے گئے۔



