آیوڈین ہمارے جسم کے لئے ایک انتہائی ضروری منرل ہے جو ہمارے تھائی رائیڈ گلانڈ کو ٹھیک طریقے سے فعال رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اور تھائی رائیڈ گلانڈ کی خرابی ہماری صحت پر بری طرح اثر انداز ہوتی ہے۔ اس آرٹیکل میں ہم جانیں گے کہ اگر جسم میں آیوڈین کی کمی ہوجائے تو اس کی کیا علامات ہیں۔
بالوں اور جلد کا خراب ہونا: بالوں کا بہت زیادہ گرنا اور جلد پر خارش اور خشکی کا پیدا ہونا بہت سی وجوہات کی وجہ سے ہوسکتا ہے مگر آیوڈین کی کمی بھی اس کی ایک بڑی وجہ ہے کیونکہ یہ منرل جلد پر نمی برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے ، زخموں کے بھرنے کا عمل تیز کر دیتا ہے اور سکن پر جھریوں کے عمل کو سست بناتا ہے۔
زیادہ سردی لگتی ہے: موسم خوشگوار ہے اور باقی سب دوست احباب ٹی شرٹس وغیرہ میں نارمل بیٹھے باتیں کر رہے ہیں مگر آپ کو سردی لگ رہی ہے تو یہ نشانی ہوسکتی ہے جسم میں آیوڈین کی کمی کی کیونکہ اس منرل کی کمی ہمارے جسم کے میٹابولک ریٹ کو سست کر دیتی ہے جس کے نتیجے میں جسم گرم رہنے کے لئے پوری توانائی مہیا نہیں کرپاتا۔
اچانک موٹاپا پیدا ہونا: میٹابولیزم کی سستی سے صرف سردی ہی زیادہ نہیں لگتی بلکہ یہ ہمیں موٹا بھی بناتا ہے، یہ جسم کو زیادہ کیلوریز استعمال کرنے سے روک دیتا ہے اور چونکہ ہم اپنی روزانہ کی عام خوراک کھاتے رہتے ہیں چنانچہ اس میں موجود توانائی جسم میں چربی کی صورت میں سٹور ہونا شروع کر دیتی ہے۔
تھکاؤٹ اور کمزوری: اگر آپ بغیر کسی وجہ کے تھکاؤٹ اور کمزوری محسوس کرنا شروع ہوگئے ہیں تو یہ بھی آیوڈین کی کمی کی ایک نشانی ہو سکتی ہے کیونکہ اگر تھائی رائیڈ گلانڈ پْورے ہارمون پیدا نہیں کر رہا تو یہ نشانیاں ظاہر ہوتی ہیں۔
یاداشت اور سیکھنا: تھائی رائیڈ ہارمونز کی کمی ہماری یاداشت کو بری طرح متاثر کرتی ہے اور ان ہارمونز میں یہ خرابی عام طور پر آیوڈین کی کمی کی وجہ سے واقع ہوتی ہے اسی لئے جن بڑوں یا بچوں میں یہ کمی ہوجائے انہیں سیکھنے اور یاد رکھنے میں دشواری ہونا شروع ہو جاتی ہے۔
ڈپریشن اور اینگزائیٹی: عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ یہ دونوں بیماریاں نفسیاتی مسائل کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں مگر یہ ایک غلط خیال ہے کیونکہ میڈیکل سائنس کا ماننا ہے کے ڈپریشن اور اینگزائیٹی کا تھائی رائیڈ گلانڈ کے ساتھ گہرا تعلق ہے اس لئے ایسی صورت میں ڈاکٹر سے رابطہ کر کے ضرور جان لینا چاہیے کہ کہیں آیوڈین کی کمی تو نہیں ہو رہی۔
گلے کی سوجن: جب ہماری خوراک ہمارے جسم کو مناسب آیوڈین مہیا نہ کرے تو ہمارے گلے کے نیچے موجود تھائی رائیڈ گلانڈ اپنا کام ٹھیک طریقے سے نہیں کر پاتا اور خوراک کے ذرات کو اپنے اندر جذب کرنا شروع کر دیتا ہے جس سے یہ سائز میں بڑا ہو جاتا ہے اور ہمارے گلے میں سوزش پیدا کر دیتا ہے۔
حاملہ خواتین اور بچہ: اس منرل کی کمی زچہ و بچہ دونوں کو متاثر کرتے ہیں کیونکہ اگر ماں میں یہ کمی واقع ہو تو پیدا ہونے والے بچے کی دماغ کی نشوونما متاثر ہوتی ہے اور بچے کے ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے اسلئے حاملہ خواتین کو اپنی خوراک پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔
دل کی سست رفتار: آیوڈین کی کمی دل کی بیماریوں کا باعث بھی بنتی ہے کیونکہ اس سے دل کی دھڑکن نارمل سے کم ہوجاتی ہے جس سے بندہ بیماری محسوس کرنا شروع کردیتا ہے۔
قبض: ہائپرتھائی رائیڈ کئی اور بیماریوں کے ساتھ ہمارے نظام انہضام کو بھی شدید متاثر کرتا ہے اور معدے اور بڑی آنت کو سست کردیتا ہے اسی لئے کئی افراد آیوڈین کی کمی میں قبض محسوس کرتے ہیں۔



