ممبئی ، 17فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)انڈین پریمئر لیگ کے 16ویں سیزن کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ لیگ کا 16 واں سیزن 31 مارچ سے شروع ہوگا۔ آئی پی ایل 2023 کا پہلا میچ گجرات ٹائٹنز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔آئی پی ایل 2023 کا افتتاحی میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنز 16ویں سیزن کے افتتاحی میچ میں چنئی سپر کنگز کی میزبانی کرے گی۔ٹورنامنٹ کا 16 واں ایڈیشن 31 مارچ سے شروع ہوگا اور آخری لیگ میچ 21 مئی کو کھیلا جائے گا۔
تاہم، بی سی سی آئی نے ابھی تک آئی پی ایل 2023 کے پلے آف میچوں کی تاریخوں کا انکشاف نہیں کیا ہے۔ آئی پی ایل 2023 میں کل 74 میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے لیگ راؤنڈ میں تمام 10 ٹیمیں 14-14 میچز کھیلیں گی۔ اس طرح لیگ راؤنڈ میں کل 70 میچ کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد پلے آف کے چار میچ کھیلے جائیں گے۔ اس طرح ٹورنامنٹ میں کل 74 میچ کھیلے جائیں گے۔آئی پی ایل 2023 کا انعقاد صرف ہندوستان میں ہوگا۔ تمام میچز ملک بھر میں کل 12 گراؤنڈز پر کھیلے جائیں گے۔ لیگ مرحلے میں ایک ٹیم اپنے گھر پر سات اور مخالف ٹیم کے گھر پر سات میچ کھیلے گی۔بی سی سی آئی نے کچھ دن پہلے ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے پہلے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ ویمنز پریمئر لیگ سیزن کا پہلا میچ 4 مارچ کو کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 26 مارچ کو ہوگا۔ اس کے بعد ہی آئی پی ایل سیزن شروع ہوگا۔



