کوچی ، 23دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 16ویں سیزن کی نیلامی میں صوبہ بہار کے ضلع گوپال گنج سے تعلق رکھنے والے آٹو ڈرائیور کے بیٹے مکیش کمار پر دولت اس طرح مہربان ہوئی کہ آن واحد میں 5کروڑ کی خطیر رقم کی بارش ہو گئی۔بنگال کے لیے گھریلو کرکٹ کھیلنے والے تیز گیند باز مکیش کمار کو دہلی کیپٹلس نے 5.50 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ مکیش کے لیے دہلی اور پنجاب کنگز کے درمیان بولی کا ٹکراؤتھاے، مکیش کمار پہلی بار آئی پی ایل میں کھیلنے کے لیے تیار تھے، لیکن آخر میں دہلی اس کھلاڑی کو اپنے ساتھ جوڑنے میں کامیاب رہا۔مکیش بہار کے گوپال گنج ضلع سے تعلق رکھتے ہیں ،اور ان کا گاؤں بہت پسماندہ علاقے میں آتا ہے۔ مکیش شروع سے ہی کرکٹ کھیلنے میں بہت اچھے تھے، لیکن بہار کی کوئی ٹیم رنجی کا حصہ نہ ہونے کی وجہ سے ان کے لیے آگے کا راستہ چننا بہت مشکل تھا۔
مکیش کے والد کولکاتہ میں رہتے ہوئے ٹیکسی چلاتے تھے، اس لیے مکیش نے وہاں جانے کا فیصلہ کیا ۔ سخت محنت کرکے بنگال کی ٹیم میں جگہ بنائی اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے لگے۔ اس کے بعد مکیش کو انڈیا اے ٹیم میں جگہ ملی اور اس سال انہیں ہندوستانی ٹیم میں بھی شامل کیا گیا۔29 سالہ مکیش 2015 سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن اب تک انہیں آئی پی ایل میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ مکیش نے اب تک کھیلے گئے 33 فرسٹ کلاس میچوں میں 123 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس دوران انہوں نے چھ اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ مکیش نے 24 لسٹ-اے اور 23 ٹی 20 میچ بھی کھیلے ہیں۔لسٹ اے میں انہوں نے 26 وکٹیں حاصل کی ہیں جس میں 71 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کرنا، ان کی بہترین کارکردگی ہے۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں 25 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ان کی اکانومی رن ریٹ 7.20 ہے۔



