
ایران: احتجاج میں حصہ لینے پر 16 سالہ لڑکی کو 6 ماہ قید
اسی احتجاج کے تناظر میں تہران سے آنے والے ویڈیو کلپس میں دکھایا گیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ بسوں میں سوار شہریوں نے ایک بس کی نشستوں پر حکومت مخالف نعرے لکھے ہیں
تہران، 23دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایران کے جنوب مشرقی شہر زاہدان کی ایک عدالت نے 16 سالہ لڑکی نازنین احمدی Nazanin Ahmadi کو مظاہروں میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ حکومت کے خلاف پروپیگنڈاکے الزام میں 6 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔’’ایران انٹرنیشنل ‘‘ کے مطابق میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں سیکورٹی حکام نے یونیورسٹی کے طالب علم علی مرزا پور کو مشرقی آذربائیجان صوبے میں گرفتار کر کے ملک کے شمال مغرب میں واقع تبریز جیل منتقل کر دیا ہے۔یاد رہے کہ 16 ستمبر سے خاتون مہسا امینی کی پولیس حراست میں موت کے بعد سے ایران میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔اسی احتجاج کے تناظر میں تہران سے آنے والے ویڈیو کلپس میں دکھایا گیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ بسوں میں سوار شہریوں نے ایک بس کی نشستوں پر حکومت مخالف نعرے لکھے ہیں۔ تحریروں میں خامنہ ای اور بسیج کے خلاف نعرے شامل تھے۔
قام مواطنون في مدينة كامياران بمحافظة كردستان، غربي #ايران، بالمشاركة في أربعينية فؤاد محمدي أحد ضحايا الاحتجاجات في البلاد، ورددوا هتافات تؤكد على استمرارية الانتفاضة الشعبية في إيران.#احتجاجات_إيران pic.twitter.com/86MY5LLVtH
— إيران إنترناشيونال-عربي (@IranIntl_Ar) December 22, 2022
تین ماہ سے زیادہ عرصہ سے جاری اس احتجاجی تحریک کو مختلف ممالک کے سیاست دانوں اور سول کارکنوں کی جانب سے وسیع عالمی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ دنیا بھر میں ایرانیوں نے یکجہتی کے لیے اپنے اجتماعات کا انعقاد جاری رکھا ہوا ہے۔ عالمی برادری نے مظاہرین میں سے بعض کو پھانسی دینے کی شدید مذمت کی ہے۔ایرانی حکومت کی پرتشدد کارروائیوں کے باوجود ’’زن، زندگی، آزادی‘‘ کے نعرہ کے تحت شروع ہونے والے مظاہروں کا سلسلہ تھم نہیں سکا ہے۔161 ایرانی شہروں میں مظاہرے کئے گئے اور درجنوں بچوں اور خواتین سمیت کم از کم 460 مظاہرین مارے گئے ہیں۔حکام کے مطابق تقریبا 20 ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا۔ 41 احتجاجی کارکنوں کو موت کی سزا سنائی جا چکی جن میں سے دو کی سزا پر عمل کرتے ہوئے انہیں پھانسی دے دی گئی ہے۔ سزائے موت پر عمل درآمد کے بعد سے ایران کے خلاف بین الاقوامی غم و غصہ کی لہر دو ڑ گئی ہے۔
تہران میں دہشت گردی میں ملوث موساد کے گروپ گرفتار
تہران ، 23دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت برائے قومی سلامتی نے اسرائیلی موساد سے وابستہ چار گروہوں کی نشاندہی اور ملک کے اندر موجود ’موساد‘ کے عناصر کی گرفتاری کا اعلان کیا۔ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت نے ایک پریس بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ اور انتھک کوششوں کے بعد مذکورہ گروپوں کے تمام ارکان کو گرفتار کیا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی ریاست نے ملک کے کچھ علاقوں میں حالیہ ہفتوں میں ہونے والے فسادات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور چار آپریشنل گروپوں کو دہشت گردانہ کارروائیاں کرانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ان گروپوں کے ارکان کو کسی بھی کارروائی سے قبل گرفتار کرلیا۔
گذشتہ اکتوبر میں ایرانی حکام نے اپنی سرزمین پر اسرائیلی موساد کے 10 ایجنٹوں کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ اس سیل کا مقصد مغربی آذربائیجان میں صیہونی حکومت کے خلاف جنگ میں سرگرم انٹیلی جنس فورسز کی نگرانی کرنا تھا۔حکام نے وضاحت کی کہ یہ سیل مغربی آذربائیجان تہران اور ہرمزگان کے صوبوں میں فعال تھا اور موساد کے افسران سے براہ راست ویڈیو رابطے رکھتا تھا۔اس میں کہا گیا ہے کہ سیل کے ارکان نے سکیورٹی سروسز سے وابستہ کچھ لوگوں کی کاروں اور گھروں کو آگ لگا دی، اور تصاویر لے کر اور موساد کے افسران کو بھیج کر نقد رقم وصول کی۔انہوں نے کہا کہ اس سیل نے اسلامی جمہوریہ ایران کی سکیورٹی اور انٹیلی جنس فورسز کو ختم کرنے اور انہیں قتل کرنے کی کوشش کی، لیکن خوش قسمتی سے وہ کامیاب نہیں ہوئے۔



