بین الاقوامی خبریں

ایران: جنرل سلیمانی کے قاتلوں کو سزا نہ دی گئی تو بدلہ لیا جائے گا

تہران ، 4جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایرانی صدر نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور دیگر امریکی عہدیداروں کے کردار کے لیے ان پر مقدمہ چلایا جائے اور سزا دی جائے، ورنہ ایران اس کا بدلہ لے گا۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی دوسری برسی کے موقع پر  ٹیلی ویڑن پرقوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں جنرل سلیمانی کے قافلے پرہلاکت خیز ڈرون حملے کا حکم دینے والے اصل مجرم اور قاتل کے طورپر ٹرمپ کو حکم خدا وندیکا سامنا کرنا پڑے گا اور قصاص دینا ہوگا۔

صدر رئیسی نے ایک منصفانہ عدالت کے قیام کی بھی اپیل کی جس میں ٹرمپ، سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور دیگر امریکی افسران کے خلاف مقدمہ چلایا جائے اور انہیں جنرل سلیمانی کے قتل میں ملوث ہونے کے جرم میں سزا دی جائے۔انہوں نے مزید کہاکہ ٹرمپ نے جنرل سلیمانی کے قتل کا ذاتی طور پر حکم دیا تھا اس لیے اصل قاتل کے طورپر ان کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے متنبہ کیا کہ اگر ٹرمپ کے خلاف مقدمہ نہیں چلایا گیا تو مسلمان اپنے شہید کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنرل سلیمانی کو قتل کرنے کے لیے امریکی فضائی حملہ دراصل پوری ایرانی قوم پر حملہ تھا۔خیال رہے کہ جنرل سلیمانی ایران کے پاسداران انقلاب کے فوجی انٹلیجنس ونگ کے کمانڈر تھے۔ وہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب تین جنوری 2020 کو ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔

تہران کا کہنا ہے کہ جنرل سلیمانی کو جس وقت قتل کیا گیا وہ ایک سفارتی مشن پر تھے۔ ایران نے انتقام کا مطالبہ کرتے ہوئے اس معاملے پر بین الاقوامی برادری کی خاموشی کی مذمت بھی کی۔ ابراہیم رئیسی نے گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو ایک خط لکھ کر جنرل سلیمانی کے قتل کے خلاف ایک قرارداد منظور کرنے کی درخواست کی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button