تلنگانہ کی خبریں

مکہ مسجد کریم نگر میں اصلاحِ معاشرہ کے عنوان سے دینی و اصلاحی جلسہ

بروز چہارشنبہ، 31 دسمبر 2025ء بعد نمازِ عشاء

کریم نگر:(ای میل) کمیٹی مکہ مسجد، خان پورہ، کریم نگر کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان دینی و اصلاحی جلسہ بعنوان “اصلاحِ معاشرہ و نعتیہ مجلس” آج بروز چہارشنبہ، 31 دسمبر 2025ء بعد نمازِ عشاء، بوقت 08:00 بجے بمقام مکہ مسجد، خان پورہ، کریم نگر منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس اہم دینی اجتماع کی صدارت محترم محمد عبدالمجید صاحب (صدر مکہ مسجد) فرمائیں گے، جبکہ جلسہ کی نگرانی محترم حافظ احمد منقبت شاہ خان صاحب (صدر قاضی و صدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر) اور محترم حافظ ضیاء اللہ خان صاحب (نائب صدر مکہ مسجد) انجام دیں گے۔ نظامت کے فرائض قاری مجاہد حسنین حبیبی صاحب ادا کریں گے۔

جلسہ سے خصوصی خطاب مفتی محمد عبدالحمید صاحب قاسمی (امام و خطیب مکہ مسجد) فرمائیں گے، جن کا موضوع ہوگا:“نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی بے راہ روی، نئے سال کے خرافات اور تباہ کاریاں”۔اس خطاب میں موجودہ سماجی مسائل، نوجوانوں کو درپیش اخلاقی چیلنجز اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اصلاحِ معاشرہ پر تفصیلی رہنمائی پیش کی جائے گی۔

اس موقع پر علم و ادب اور شاعری سے وابستہ ممتاز شعراء کرام اپنے اصلاحی اور دینی کلام سے حاضرین کو فیضیاب کریں گے۔، جن میں خصوصاً مداحِ رسول و مترنم شاعر قاری محمد مزمل حیات صاحب، قاری عبدالعزیز صاحب اور قاری مجاہد حسنین حبیبی صاحب کے پُراثر اور روح پرور اشعار شامل ہوں گے، جو حاضرین کے قلوب کو ایمان افروز کیفیت سے ہمکنار کریں گے۔

کمیٹی مکہ مسجد کی جانب سے تمام اہلِ اسلام، بالخصوص نوجوانوں اور ذمہ دار حضرات سے پُرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس اہم دینی و اصلاحی جلسہ میں شرکت فرما کر اصلاحِ معاشرہ کی اس بابرکت کوشش کو کامیاب بنائیں اور دوسروں کو بھی اس میں شرکت کی ترغیب دیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button