بین الاقوامی خبریں

 حماس سے سرنگوں کی لڑائی میں روبوٹس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا دعویٰ

اسرائیل کا الاھلی عرب اسپتال پر بھی دھاوا، غزہ سٹی پر مکمل کنٹرول کی کارروائی شروع

مقبوضہ بیت المقدس، 17نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کے خلاف اس کی جنگ میں سرنگوں کا صفایا کرنا لڑائی کا ایک اہم حصہ ہے اور وہ ان تاریک، تنگ اور سینکڑوں کلومیٹرز پر پھیلی ہوئی پر خطر سرنگوں میں اپنے فوجی بھیجنے کی بجائے ٹیکنالوجی کی مدد سے نئے طریقے اپنا رہا ہے۔خبر رساں کے مطابق ان طریقوں میں راستہ ڈھوندنے والا روبوٹ، دھماکہ خیز ”جل”(Jel) اور دور سے کنٹرول کی جانے والی ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ایک واقعہ کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی غزہ میں ایک خالی اسپتال کے نیچے حماس کی سرنگ کے داخلی راستے کا پتہ لگانے کے بعد اسرائیلی فوج کے انجینئروں نے اس راستے کو دھماکہ خیز جل سے بھر دیا اور پھر اسے ڈیٹونیٹر سے اڑا دیا۔اس کارروائی پر نظر رکھنے والے آلات کی فوٹیج سے ظاہر ہوا کہ دھماکے نے زیر زمین تنصیب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور بیت حنون نامی شہر کے علاقے میں ایک سڑک کے ساتھ ساتھ کم از کم تین مقامات سے دھواں فضا میں بلند ہونے لگا۔جس سے یہ جاننے میں مدد ملی کہ یہ سرنگ کہاں تک پھیلی ہوئی تھی۔

ایک اسرائیلی فوجی افسر نے جنوبی اسرائیل میں زیلیم گراؤنڈ فورسز بیس پر ایک بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ جل پھٹ کر پھیل گئی اور سرنگ میں جو چیز بھی ہمارے انتظار میں رکھی گئی تھی، تباہ ہو گئی۔اسرائیلی فورسز تہہ خانوں،زیر زمین جانے والے راستوں اور سرنگوں میں جانے کے لیے گولہ باری کا استعمال نہیں کر رہیں بلکہ اس کی بجائے وہ کھوج لگانے والے روبوٹ اور ریموٹ کنٹرول ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہیں تاکہ فوجیوں کے جانی نقصان سے بچاجا سکے۔اسرائیلی افسر نے یہ بریفنگ نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کی اور زیر زمین لڑائی کی مزید تفصیلات دینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ ابھی اس پر کام ہو رہا ہے۔افسر کے مطابق کچھ دیگر طریقوں پر بھی کام ہو رہا ہے۔ایک جھڑپ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ بیت حنون شہر میں، جہاں ان کی افواج کارروائی کر رہی تھیں، کچھ مسلح افراد نے سرنگوں کے روشن دانوں سے اسرائیلی فوج پر حملہ کیااور جوابی کارروائی میں وہ مارے گئے تھے۔سرنگوں اور زیر زمین تنصیبات میں لڑائی کے سلسلے میں اسرائیلی پالیسی پر انہوں نے کہا کہ فلسطینی جنگجوؤں کے کے لیے فوجیوں کو ان کے پیچھے بھیجنے سے اجتناب کیا جا رہا ہے کیونکہ جنگجو تنگ، تاریک، کم ہوا دار اور ٹوٹ جانے والے راستوں سے واقف ہیں اور وہ اس کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔


اسرائیل کا الاھلی عرب اسپتال پر بھی دھاوا، غزہ سٹی پر مکمل کنٹرول کی کارروائی شروع

غزہ، 17نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) غزہ میں اسرائیلی فلسطینی لڑائی اور کشیدگی 41 ویں روز بھی جاری رہی۔ عرب اور بین الاقوامی کوششوں کے باوجود جنگ بندی کی کوئی امید نظر نہیں آرہی۔اسرائیلی نشریاتی ادارے نے وزیر دفاع یوو گیلانٹ کے حوالے سے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کے پورے مغربی حصے کا کنٹرول مکمل کر لیا ہے فوج نے پورے شہر کو کنٹرول میں کرنے کا اگلا مرحلہ شروع کردیا ہے۔گیلانٹ نے کہاکہ شفا اسپتال میں اہم نتائج سامنے آئے ہیں۔ افواج درست اور فیصلہ کن طریقے سے کام کر رہی ہیں۔ فضائی، بحری اور زمینی افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ آپریشن کیا جارہا ہے۔ اسی طرح صہیونی فورسز بھرپور انٹیلی جنس معلومات سے بھی لیس ہوکر کارروائیاں کر رہی ہیں۔

واضح رہے اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ایندھن کی کمی کی وجہ سے غزہ کی پٹی کے ساتھ رابطے مکمل طور پر منقطع ہو گئے ہیں۔ غزہ کی پٹی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز معطل ہوگئی ہیں۔ انروا کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ غزہ کی پٹی ایک بار پھر مکمل طور پر مواصلاتی تعطل کا شکار ہوگئی ہے اور یہ ایندھن کی کمی کی وجہ سے ہوا ہے۔دوسری جانب فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں معمدانی اسپتال جسے الاھلی عرب اسپتال بھی کہتے ہیں پر دھاوا بول دیا ہے۔ اسرائیلی ٹینکوں نے اسپتال کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ہلال احمر نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ اس کی ایمبولینسز کا عملہ زخمیوں تک پہنچنے سے قاصر ہوگیا ہے۔فلسطینی ٹیلی وژن نے اطلاع دی کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کل شام سے لے کر اب تک الاھلی عرب اسپتال میں تقریباً 100 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں۔

اطلاع کے مطابق حماس نے سدروت اور غزہ کے آس پاس کے قصبوں کی طرف راکٹ فائر کئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی افواج نے غزہ بندرگاہ پر آپریشنل کنٹرول مکمل کر لیا ہے۔ صہیونی فوج نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ اس بندرگاہ کو حماس دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہی تھی۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ فوج نے غزہ میں بندرگاہ کے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور علاقے کی تمام عمارتوں کو کلیئر کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button