بین الاقوامی خبریں

اسرائیل- امریکہ اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے مسودے کا تبادلہ

یہ ہمارا فرض ہے کہ اس فتح کے ثمرات حاصل کرنے کے لیے دباؤ جاری رکھیں

مقبوضہ بیت المقدس،11نومبر (ایجنسیز) اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نیکہا ہے کہ اسرائیل نے لبنانی حزب اللہ گروپ کو شکست دی ہے اور اس کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کوہلاک کرنا اس کامیابی کاانتیجہ ہے۔کاٹز نے وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کہا کہ اب یہ ہمارا فرض ہے کہ اس فتح کے ثمرات حاصل کرنے کے لیے دباؤ جاری رکھیں۔قبل ازیں اسرائیلی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے کہا ہے اسرائیل، امریکہ اور لبنان نے جنگ بندی کے مذاکرات میں پیش رفت کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے مسودوں کا تبادلہ کیا۔اخبار نے تصدیق کی ہے کہ امریکی ایلچی آموس ہاکسٹین نے معاہدے کا مسودہ لبنان کے نگراں وزیر اعظم نجیب میقاتی اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کے حوالے کیا۔
اخبار نے بتایا کہ موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن اور امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ دونوں 20 جنوری کو حلف برداری کی تقریب سے قبل لبنان میں جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔متعلقہ سیاق و سباق میں ذرائع نے بتایا کہ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے امریکی ایلچی آموس ہاکسٹین کے بیروت کے نئے دورے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ذرائع نے مزید کہا کہ بری نے قرارداد 1701 کے حوالے سے ہوچسٹین کے ساتھ اتفاق کیا ہے مگر ساتھ ہی کہا ہے کہ اس پر بغیر کسی کمی بیشی کے عمل کیا جائے۔بری نے کہا کہ اسرائیل ایسا سلوک کر رہا ہے جیسے لبنان جنگ ہار گیا ہے جبکہ ”لڑائی اب بھی میدان میں جاری ہے اور اسرائیل کو نقصان ہو رہا ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب اتوار کے روز لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 41 افراد مارے گئے تھے، جن میں 23 افراد بیروت کے شمال میں واقع قصبے پر ایک فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔وزارت صحت نے کہا کہ بنت جبیل ضلع کے المات قصبے پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں سات بچوں سمیت 23 افراد ہلاک ہوئے۔ اس نے مزید کہا کہ مقتولین کے جسم کے اعضاء کو جگہ سے اکھٹا کیا گیا ہے اور ان کی شناخت کی جا رہی ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے کئی افراد کی حالت نازک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کاخطرہ ہے۔یہ حملہ حزب اللہ کے ایک رکن کے ایک گھر پر پہنچنے کے فوراً بعد ہوا۔ ایک سکیورٹی ذریعے نے’اے ایف پی‘ کو بتایا، مزید کہا کہ رکن ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button