اسرائیلی فوج نے حماس کی 20 بٹالینز ختم کیں لیکن وہ تباہ نہیں ہوئیں: اسرائیلی میڈیا
قیدیوں کی دوسری کھیپ کی رہائی آئندہ ہفتے کے روز ہو گی: حماس
مقبوضہ بیت المقدس،20جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)غزہ میں اسرائیل حماس جنگ بندی معاہدے کے بعد اسرائیلی اخبارات اور میڈیا کے تبصروں میں کہا جارہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے حماس کی 20 بٹالینز ختم کیں لیکن وہ تباہ نہیں ہوئیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنگ بندی کے بعد حماس غزہ پر کنٹرول برقرار رکھنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ حماس غزہ میں سرنگوں سے نکل کر دوبارہ کنٹرول ظاہر کرتی دکھائی دے رہی ہے، حماس کی پولیس دوبارہ منظم ہوتی اور غزہ کا انتظام سنبھالتی نظر آرہی ہے جب کہ فلسطینی میڈیا جنگ بندی کو حماس کی فتح کے طور پر پیش کررہا ہے۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ ہم تو غزہ جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ثالث کار اسرائیل کو بھی معاہدے کا احترام کرنے کا پابند کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدے کی کامیابی اسرائیلی عمل پر ہی منحصر ہوگی، اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی پورے عمل کو خطرے میں ڈال دے گی۔انہوں نے مزید کہا غزہ پر قبضہ تمام برائیوں کی جڑ ہے اور ہم اس قبضے کو ختم کرائیں گے، غزہ پر قبضہ برقرار رکھنے کی تمام کوششوں کا طاقت سے مقابلہ کریں گے۔واضح رہے کہ غزہ میں6 ہفتوں کی جنگ بندی پر عمل درآمد 3 مراحل میں کیا جائے گا، مرحلہ وار سویلین قیدیوں کا تبادلہ اور جنگ کے خاتمے پر مذاکرات ہوں گے۔
دوسرے مرحلے میں اسرائیلی فورس کے قیدی حماس رہا کرے گی اور غزہ کے عوامی مقامات سے اسرائیلی فوج کا انخلا ہوگا جب کہ تیسرے مرحلے میں اسرائیلی فورسز کا غزہ سے مکمل انخلا اور غزہ کی تعمیر نو پر کام کیا جائے گا۔یاد رہے کہ غزہ پر15 ماہ سے مسلط اسرائیلی جنگ میں فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت 47 ہزار 899 فلسطینی شہید ہوئے جب کہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور ہزاروں لاپتہ ہیں۔
قیدیوں کی دوسری کھیپ کی رہائی آئندہ ہفتے کے روز ہو گی: حماس
دوحہ،20جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ اس کے ہاں یرغمال بنائی گئی اسرائیلی خواتین کی دوسری کھیپ کی رہائی آئندہ ہفتے کے روز ہو گی۔خبر رساں ایجنسی‘اے ایف پی‘ نے اتوار کے روز حماس کے ایک رہنما کے حوالے سے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں قید خواتین قیدیوں کی دوسری کھیپ کی رہائی ہفتے کی شام کو ہو گی۔ خواتین قیدیوں کی پہلی کھیپ کل اتوار کو غزہ میں جنگ بندی کے پہلے دن ہوئی تھی۔مذاکرات میں شریک رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر وضاحت کی کہ اسرائیلی قیدیوں کی دوسری کھیپ کی رہائی اگلے ہفتے کی شام جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے آغاز کے ساتویں دن ہو گی۔
دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنی وابستگی کا اعلان کیا۔ تاہم اس نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں خطرناک ہیں۔ القسام اس وقت تک جنگ بندی پر قائم ہے جب تک اسرائیلی فوج اس پر قائم ہے۔القسام بریگیڈز نے واضح کیا کہ کسی بھی ممکنہ اسرائیلی خلاف ورزی سے آپریشن اور قیدیوں کی زندگیوں کو خطرہ ہو گا۔
القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک ویڈیو خطاب میں ثالثوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کے لیے دباؤ ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کا خون بہانے کا سلسلہ بند کرانے اور جنگ بندی کے مقاصد کے حصول کے لیے معاہدے کی تمام شرائط اور مراحل کی کامیابی کے خواہشمند ہیں۔تمام ثالثوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دشمن کو ایسا کرنے پر مجبور کریں۔
اتوار کے روز حماس نے 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر حملے کے بعد سے غزہ کی پٹی میں قیدیوں کی پہلی کھیپ ریڈ کراس کے حوالے کر دی، جس نے بدلے میں تین اسرائیلی خواتین کو اسرائیلی فوج کے حوالے کر دیا۔رہائی پانے والی تین خواتین قیدی اسرائیل پہنچی ہیں۔ 33 قیدیوں کی پہلی کھیپ ہیں جنہیں چھ ہفتے کے جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے دوران رہا کیا جائے گا۔ اس عرصے کے دوران اسرائیلی جیلوں سے تقریباً 1900 فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کیا جائے گا۔معاہدے کے تحت جنگی کارروائیاں بند ہو جائیں گی اور اسرائیلی فوج آبادی والے علاقوں سے انخلاء کریں گی۔



