اردنی سفیر کو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روکنے پر عمان کا اسرائیل سے احتجاج
عمان میں اسرائیلی سفیر کو طلب کرکے اردن کے سفیر کو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روکنے پر سخت احتجاج کیا
دبئی، 17جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اردنی وزارت خارجہ نے عمان میں اسرائیلی سفیر کو طلب کرکے اردن کے سفیر کو مسجد اقصیٰ میں داخلے سے روکنے پر سخت احتجاج کیا ہے۔اردن کی وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان سفیر غسنان مجالی Ghassan Majali نے بتایا کہ اسرائیلی سفیر کو ایک سخت الفاظ میں احتجاجی مراسلہ بھیجا گیا اور کہا کہ وہ یہ مراسلہ فوری طورپراپنی حکومت کو منتقل کرے۔ اس احتجاجی مکتوب میں تل ابیب میں متعین اردنی سفیر کو مسجد اقصیٰ کے دورے سے روکنے پر سخت احتجاج کیا گیا ہے۔مکتوب میں کہا گیا ہے کہ یروشلم اور مسجد اقصیٰ کے امور کی تمام ترذمہ داری اردن کی ہے اور اردنی اوقاف، اسلامی امور اور مقدس مقامات، مسجد اقصیٰ/الحرم الشریف کے تمام امور کو منظم کرنے اور اس تک رسائی کو منظم کرنے کے لیے خصوصی دائرہ اختیارکے ساتھ قانونی اتھارٹی ہے۔
مکتوب میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اسرائیل ایک قابض طاقت کے طور پر مقبوضہ بیت المقدس اور اس کے مقدسات بالخصوص مسجد اقصیٰ کے حوالے سے بین الاقوامی قانون، خاص طور پر بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کی تعمیل کرے۔ اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کرے جس سے مقدس مقامات کی حرمت اور اس میں موجود تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہو۔خیال رہے کہ اسرائیل میں انتہا پسند عناصر پر مشتمل حکومت کے قیام کے بعد جہاں ایک طرف فلسطینیوں کے خلاف قابض فوج کی مسلح کارروائیاں تیز ہوگئی ہیں وہیں مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔



