اسرائیل کی پھر جارحیت: جنین میں 3 فلسطینی شہید، مشرقی القدس میں 7 زخمی
اسرائیلی دہشت گردی، تین ماہ میں 13 بچوں سمیت 72 فلسطینی شہید
غزہ، 9مارچ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں شہر جنین کے ایک ’’جبع‘‘ پر حملہ کردیا جس میں کم از کم تین فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔ صہیونی فوج نے جنین کے شورش زدہ شہر کے جنوب میں واقع گاؤں جبع پر حملہ کیا۔ اسرائیل نے اس حملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔فلسطینی وزارت صحت نے مرنے والوں کی شناخت نہیں بتائی تاہم کہا ہے کہ شہید ہونے والے فلسطینی اسرائیلی فوجی آپریشن کے دوران اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بنے۔
گزشتہ چند ماہ سے ’’جبع‘‘ گاؤں مایوسی کا شکار فلسطینی نوجوانوں کے ایک ابھرتے ہوئے عسکریت پسند گروپ کا گھر رہا ہے جس نے اسرائیلی قبضے کے خلاف ہتھیار اٹھائے ہیں۔ اسرائیل کے مغربی کنارے پر قبضے کو چھپنواں سال چل رہا ہے۔یہ گروپ مغربی کنارے میں ابھرنے والے مسلح گروہوں کے ایک بڑے رجحان کا حصہ ہے جس نے بڑھتی ہوئی غیر مقبول فلسطینی اتھارٹی کو چیلنج کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اس کا کسی خاص سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے مغربی کنارے میں تشدد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے آج جمعرات کو جنین میں کم از کم 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
فوری طور پر اسرائیلی فوج نے اس کی تصدیق نہیں کی۔دریں اثنا مشرقی القدس کے شمال میں اسرائیلی فائرنگ سے 7 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ بدھ کی شام مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں الرام قصبے پر چھاپہ مار کارروائی کرکے اسرائیلی قابض فوج نے فائرنگ کرکے سات فلسطینیوں کو زخمی کردیا۔ فلسطینی طبی ذرائع نے بتایا کہ الرامقصبے پر چھاپے کے دوران قابض فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔دریں اثنا فلسطینی اسیران کلب نے بتایا کہ قابض فوج نے تین فلسطینیوں کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ جنین کے جنوب میں ایک فوجی چوکی سے گزر رہے تھے۔
اسرائیلی دہشت گردی، تین ماہ میں 13 بچوں سمیت 72 فلسطینی شہید
فلسطینی وزارت صحت نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اس سال کے آغاز سے اب تک 72 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہدا میں سے 27 شہداء شمالی مغربی کنارے کے شہر جنین سے تھے۔رواں سال 2023 کے آغاز سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہداء کی تعداد 72 ہو گئی ہے جن میں نابلس اور جنین کی گورنریوں کے 45 شہداء بھی شامل ہیں۔فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ سال کے آغاز سے لے کر اب تک 13 فلسطینی بچے اور خواتین کو قابض فوج کی گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
جنین گورنری 27 شہداء کے ساتھ سب سے زیادہ شہیدوں کی تعداد میں سرفہرست ہے، اس کے بعد نابلس گورنری میں 18 فلسطینی شہید ہوئے۔الخلیل گورنری میں سات 7، یروشلم سے 6، وادی اردن سے 5، قلقیلیہ گورنری سے 3، رام اللہ اور البیرہ گورنری کے دو ، بیت لحم میں دو اور طوباس میں ایک فلسطینی مزاحمت کا شہید ہوا۔گذشتہ سال 2022 کے دوران فلسطین انفارمیشن سینٹر "معطی” نے 176 شہریوں کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔ ان میں 45 لڑکے اور لڑکیاں، 7 خواتین اور 4 بزرگ شہری شامل تھے۔ اس دوران زخمیوں کی تعداد 8,757 تک پہنچ گئی۔



