
اسرائیل کی غز ہ پر بمباری:فضائی کارروائیوں کا دائرہ بڑھانے کیلئے امریکی جنگی طیارے خطے میں پہنچ گئے
امریکہ نے اعلان کیا کہ وہ ایک طیارہ بردار بحری جہاز اور فضائی جنگی طیارے مشرقی بحیرہ روم کے علاقے میں منتقل کیے ہیں
مقبوضہ بیت المقدس، 14اکتوبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) امریکی فوج نے جنگی طیاروں کی سنٹرل کمانڈ کے زیر نگین علاقے میں آمد کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد مشرق وسطیٰ کے علاقے میں فضائی کارروائیوں کو تقویت دینا ہے۔’یو ایس‘ سینٹرل کمانڈ نے ایکس پلیٹ فارم پر کہا کہ ”F-15E اسٹرائیک ایگل حملہ آور طیارہ جس کا تعلق 494 ویں ایکسپیڈیشنری فائٹر سکواڈرن سے ہے امریکی سینٹرل کمانڈ کے زیر نگین علاقے میں پہنچا ہے،یہ کمک پورے مشرق وسطیٰ میں امریکی پوزیشننگ اور فضائی کارروائیوں کو مضبوط کرنے کے لیے بھجوائی جا رہی ہے۔
گذشتہ پیر کو امریکہ نے اعلان کیا کہ وہ ایک طیارہ بردار بحری جہاز اور فضائی جنگی طیارے مشرقی بحیرہ روم کے علاقے میں منتقل کیے ہیں۔ نیز وہ اسرائیل کو مزید ساز وسامان اور گولہ بارود فراہم کرے گا۔یہ پیش رفت حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سامنے آئی ہے جسے امریکی صدر جو بائیڈن نے خوفناک جارحیت قرار دیا ہے۔امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ ’یو ایس ایس‘ جیرالڈ آر فورڈ طیارہ بردار بحری جہاز کروز میزائل اور چار میزائل ڈسٹرائر امریکی فضائی جنگی طیارے بھیجنے کے علاوہ خطے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔



