بین الاقوامی خبریں

  اٹلی :وبا کے بڑھتے کیسز کے درمیان پادریٔ اعظم  کی  کرسمس ایو ماس میں شرکت

لندن، 25دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) پوپ فرانسس نے اٹلی میں کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود کرسمس کی شام ویٹی کن کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا میں دو ہزار افراد کے اجتماع کرسمس ایو ماس میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ویٹی کن نے اپنے تمام ملازمین کے لئے کووڈ 19 کی ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا تھا۔
تاہم سینٹ پیٹرز چرچ میں ہونے والے مذہبی اجتماع میں شرکت کرنے والوں پر ماسک پہننے کی پابندی کرنا لازمی تھا۔ پوپ فرانسس سسٹین چیپل میں نمودار ہوئے تو گرجا گھر کا کوائرگروپ وہ گیت گا رہا تھا، جو بیت الحم میں عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کی یاد میں، ویٹی کن میں کرسمس کی تقریبات کا آغاز تھا۔
پوپ فرانسس نے اس موقعے پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یسوع مسیح کے ماننے والوں کو ان کی انکساری کو یاد رکھنا چاہیے۔ پوپ فرانسس نے کہاکہ خدا کو عاجزی میں تلاش کیجئے۔ یہی حضرت مسیح علیہ السلام کا پیغام ہے۔واضح رہے کہ اس موقعے پر سینٹ پیٹرز بیسلیکا میں لگ بھگ 2,000 افراد موجود تھے۔
جبکہ 2020 میں کرسمس پر اٹلی میں مکمل لاک ڈاؤن کی وجہ سے صرف 200لوگوں کو آنے کی اجازت دی گئی تھی۔سینٹ پیٹرز بسیلیکا میں بیک وقت 20,000 ہزار افراد کی گنجائش موجود ہے۔ کووڈ19 کی وبا سے پہلے یہ کرسمس سے ایک روز پہلے کی سب سے بڑی تقریب رہی ہے اور بیسلیکا چرچ لوگوں سے بھرا ہوتا تھا۔
نصف شب کا یہ اجتماع شام ساڑھے سات بجے ہی شروع ہو گیا جبکہ ایک سال پہلے یہ اجتماع اٹلی بھر میں کووڈ19کے کرفیو سے پہلے ختم کرنا پڑا تھا۔اگرچہ اٹلی میں اومیکرون ویرینٹ کے کیسز کے بعد جمعرات کو ویٹیکن کے وزیرِ خارجہ نے ویٹیکن کے تمام عملے کے لئے لازمی ویکسین کا نیا حکم نامہ جاری کیا تھا۔
تاہم، یہ حکم اجتماع میں آنے والے دیگر لوگوں کے لئے نہیں تھا۔ ان تمام شرکاء  کے لئے ماسک پہننا لازمی تھا۔پوپ فرانسس نے اس موقعے پر ماسک نہیں پہن رکھا تھا۔ ان کی عمر 85 سال ہے۔ وہ ویکسین کا بوسٹر شاٹ لگوا چکے ہیں۔ وہ ویکسین کو محبت بھرا اقدام قرار دے چکے ہیں۔ اور زور دیتے ہیں کہ دولت مند ملکوں کو پسماندہ ممالک کے لئے ویکسین فراہم کرنی چاہئے۔
واضح رہے کہ اس سال اٹلی میں کرونا کے باعث کرفیو تو نہیں لگایا گیا، لیکن اس ہفتے یہاں کووڈ کیسز کی تعداد سال دو ہزار بیس کے کرسمس کے ہفتے کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔  

متعلقہ خبریں

Back to top button