تلنگانہ کی خبریں

جگتیال میں اردو میڈیم اساتذہ کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز

یہ تربیت 13 مئی سے 17 مئی تک جاری رہے گی

جگتیال: محکمہ تعلیمات حکومتِ تلنگانہ کے زیر اہتمام اردو میڈیم اساتذہ کے لیے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز مانسا ہائی اسکول، جگتیال میں کیا گیا۔ یہ تربیتی پروگرام 13 مئی سے 17 مئی تک جاری رہے گا، جس میں ضلع جگتیال کے مختلف سرکاری مدارس سے تعلق رکھنے والے 50 اردو میڈیم اساتذہ شریک ہو رہے ہیں۔

تربیتی پروگرام کا مقصد اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے، انہیں بنیادی خواندگی اور اعداد شناسی کے مؤثر طریقوں سے روشناس کرانا ہے تاکہ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔اس موقع پر ضلعی ریسورس پرسن جناب محمد مقیم الدین اور محمد عظیم الدین اساتذہ کو عملی و نظری تربیت فراہم کر رہے ہیں۔

پروگرام کے دوران ضلعی مہتمم تعلیمات جناب راملو صاحب اور ضلعی آبزرور جناب حبیب الرحمٰن صاحب نے تربیتی مرکز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے موجود اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "اساتذہ کا کردار طلبہ کی شخصیت سازی اور معاشرتی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ اردو ذریعہ تعلیم کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔”انہوں نے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ نہ صرف تدریسی عمل کو مزید دلچسپ اور بامقصد بنائیں بلکہ سرکاری مدارس میں داخلوں میں اضافہ کے لیے کمیونٹی سے روابط بھی مستحکم کریں۔

یہ تربیتی پروگرام حکومت تلنگانہ کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اردو میڈیم تعلیم کو مضبوط بنیاد فراہم کرے اور اساتذہ کو معیاری تدریس کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button