قومی خبریں

جہانگیرپوری تشدد : مزید دوافراد گرفتار

نئی دہلی 2مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے دہلی کے جہانگیر پوری تشدد کیس میں دو اور ملزمین کو گرفتارکیاہے۔ دونوں گرفتار ملزمان کے نام یونس اور شیخ سلیم ہیں جنہیں دہلی سے ہی گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں پر تشدد کے دوران تلواریں تقسیم کرنے کا الزام ہے۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے اس معاملے میں اب تک 30 بالغ اور 3 نابالغوں کو گرفتار کیا ہے۔
عدالت نے تشدد کے مرکزی ملزم کو عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔ فی الحال کرائم برانچ کے پاس صرف 3 ملزم ہیں۔ جن سے مسلسل پوچھ گچھ جاری ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ اور تجزیہ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یونس کوہجوم میں تلواریں تقسیم کرتے ہوئے دیکھا گیا، جب کہ سلیم کو یونس سے تلواریں لیتے ہوئے دیکھا گیا۔
پولیس نے اب تک یہ نہیں بتایاہے کہ شوبھایاتراکے دوران تلواریں لہرانے والے کون تھے،ان میں سے کتنے کی گرفتاری ہوئی ہے۔یہ تلواریں لہرا کر بغیراجازت ریلی نکالنااوراشتعال انگیز نعرے لگانا کس قانون کے تحت درست ہے،اگر درست نہیں ہے تواس ریلی کے کتنے افرادکے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے۔پولیس نے کہاہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر، ہماری ٹیم نے دونوں ملزمان کی شناخت کر لی ہے۔
دونوں تشدد کے فوراً بعد فرار ہو گئے تھے، لیکن اتوار کی رات جہانگیر پوری کے علاقے سے پکڑے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ یونس کے خلاف فوجداری مقدمہ بھی درج ہے۔حکام نے کہاہے کہ جس دن سے تشدد ہوا اس دن سے ڈیجیٹل شواہد کا تجزیہ کرتے ہوئے پولیس اس واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کر رہی ہے اور مجرموں کا سراغ لگانے کے لیے تکنیکی نگرانی کا استعمال کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button