
کریم نگر26 دسمبر: (ای میل)-جمعہ بعد نماز عشاء بمقام مسجد دستگیر جمعیتہ دینی تعلیمی بورڈ کریم نگر کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت حضرت مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب اسعدی دامت برکاتہم (نائب صدر جمعیتہ دینی تعلیمی بورڈ، تلنگانہ) نے فرمائی، جبکہ اجلاس کی نگرانی حضرت مفتی محمد اعتماد الحق صاحب قاسمی دامت برکاتہم (ناظم مدرسہ اسلامیہ احسن العلوم کریم نگر) نے کی۔
اجلاس کا آغاز مفتی محمد انصار الحق صاحب قاسمی کی پُراثر تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ تلاوت کے بعد مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب اسعدی دامت برکاتہم نے موجودہ دور میں مکاتب کے قیام اور ان کی مضبوطی کی اہمیت پر تفصیلی خطاب فرمایا۔ انہوں نے حضرت شاہ ابرار الحق صاحب اور حضرت قاری سید صدیق صاحب باندوی رحمہما اللہ کے اخلاص اور استقامت کا خصوصی طور پر تذکرہ کیا۔
مولانا نے اس بات پر زور دیا کہ تدریسی اوقات میں موبائل فون اور دیگر لایعنی مشاغل سے مکمل اجتناب کیا جائے اور بچوں کو امانت سمجھتے ہوئے یکسوئی، اطمینان اور ذمہ داری کے ساتھ معیاری دینی تعلیم دی جائے۔
انہوں نے جمعیتہ دینی تعلیمی بورڈ کا تعارف کراتے ہوئے فرمایا کہ یہ جمعیتہ کا مستقل شعبہ ہے، جس کا بنیادی مقصد بالخصوص قرآنِ مجید کی تعلیم کو عام کرنا ہے۔ اس موقع پر بورڈ کے مرکزی صدر حضرت مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی صاحب دامت برکاتہم، جنرل سیکرٹری حضرت مفتی سلمان منصورپوری صاحب دامت برکاتہم اور ریاستی صدر حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب دامت برکاتہم کے اسمائے گرامی کا بھی ذکر کیا گیا۔
بعد ازاں حضرت مفتی محمد اعتماد الحق صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے معلمین کو مضبوط اور ذمہ دارانہ تدریس کی تلقین کرتے ہوئے امانت و دیانت کے ساتھ دینی خدمات انجام دینے پر زور دیا۔
اجلاس میں حضرت مفتی محمد عبد الحمید صاحب قاسمی (صدر جمعیتہ دینی تعلیمی بورڈ کریم نگر) نے بورڈ کے تحت انجام دی جانے والی سرگرمیوں اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اجلاس کے اختتام پر ریاستی صدر جمعیتہ دینی تعلیمی بورڈ تلنگانہ و آندھرا حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب دامت برکاتہم کی جانب سے حضرت مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب اسعدی دامت برکاتہم کو جمعیتہ دینی تعلیمی بورڈ تلنگانہ کا نائب صدر مقرر کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر حافظ سید خلیل محی الدین صاحب، مفتی محمد عبد العلیم صاحب قاسمی، مفتی اویس فاروق صاحب حسامی، حافظ سید لئیق الرحمن صاحب، مولانا عبدالرؤف سمیر صاحب حسامی، مولانا عمر مصطفی صاحب، مفتی خواجہ غفران الدین صاحب اسعدی، مفتی محمد عبدالباری صاحب، مفتی شیخ مبشر الدین صاحب، مفتی ابو طلحہ صاحب قاسمی، مولانا محمد مبشر صاحب مفتاحی، مفتی انصار الحق صاحب قاسمی، مولانا عبد القادر صاحب، مولانا عرفان الحق صاحب حسامی، مولانا عبدالرحیم صاحب، مولانا سید مزمل صاحب، مولانا خواجہ احمد عبید اللہ حذیفہ صاحب اسعدی اور حافظ مظہر علی صاحب موجود تھے۔



