102 سال کی عمر میں ماؤنٹ فیوجی سر کر کے جاپانی کوہ پیما نے تاریخ رقم کر دی
دل کے مریض جاپانی بزرگ کا کارنامہ،
ٹوکیو :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)جاپان کے معمر کوہ پیما کوکیچی اکوزاوا نے 102 برس کی عمر میں ملک کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ فیوجی سر کر کے تاریخ رقم کر دی۔ اُن کا یہ کارنامہ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے بھی باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق Kokichi Akuzawa کوکیچی اکوزاوا 1923ء میں پیدا ہوئے تھے اور دل کی بیماری میں مبتلا ہونے کے باوجود انہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔ رواں سال جنوری میں ایک پہاڑ پر چڑھتے ہوئے اچانک طبیعت بگڑنے اور اسپتال میں داخل ہونے کے بعد انہوں نے دوبارہ خود کو تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ چند ماہ کی باقاعدہ تربیت کے بعد انہوں نے اگست کے آغاز میں ماؤنٹ فیوجی سر کیا۔
اکوزاوا کا کہنا ہے کہ وہ اس سے قبل بھی متعدد بار ماؤنٹ فیوجی سر کر چکے ہیں، حتیٰ کہ 96 برس کی عمر میں بھی انہوں نے یہ کامیابی حاصل کی تھی۔ اُن کا کہنا تھا:
"میں اس پہاڑ کو کئی بار سر کر چکا ہوں، اس لیے میرے لیے دوبارہ چوٹی تک پہنچنا کوئی غیر معمولی بات نہیں تھی۔”
اکوزاوا کی بیٹی یوکیکو کے مطابق اُن کے والد کی عمر اور بیماری نے پورے خاندان کو فکرمند کر دیا تھا، لیکن وہ اپنی ضد اور عزم پر قائم رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اُن کی صحت یابی اور تیز رفتاری نے یہاں تک کہ معالجین کو بھی حیران کر دیا۔
اکوزاوا کے اس کارنامے کو اگست میں باضابطہ طور پر عالمی ریکارڈ کے طور پر تسلیم کر لیا گیا۔ اس طرح وہ دنیا کے سب سے معمر کوہ پیما بن گئے جنہوں نے ماؤنٹ فیوجی کو سر کیا۔



