بین الاقوامی خبریں

جاپان میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی الرٹ جاری

جاپان میں شدید زلزلے کے بعد سونامی کا خطرہ بڑھ گیا

ٹوکیو 20 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) جاپان میں پیر کے روز شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز سانریکو کے ساحل سے تقریباً 100 کلومیٹر دور جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔

زلزلے کے فوراً بعد جاپان کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور ساحلی علاقوں میں سونامی کے خطرے کے پیش نظر ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق میاکو پورٹ پر 80 سینٹی میٹر تک سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئی ہیں، جبکہ مزید لہروں کے ہوکائیڈو اور ایواٹے کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جاپان کے عوامی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق ماہرین موسمیات نے اوموری پریفیکچر کے ساحل کے قریب بھی سونامی کی سرگرمی دیکھی ہے جس کے بعد ملک بھر میں الرٹ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں سمندر میں موجود جہاز تیزی سے ساحل کی جانب بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

زلزلے کے بعد ایٹمی بجلی گھروں کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور ماہرین اوناگاوا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

جاپان کی وزیر اعظم سانے تاکائیچی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ اور اونچی جگہوں پر منتقل ہو جائیں اور اس مشکل وقت میں احتیاط اور صبر کا مظاہرہ کریں۔

ماہرین کے مطابق جاپان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو چار بڑی ٹیکٹونک پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں اور یہ علاقہ بحر الکاہل کے "رنگ آف فائر” کا حصہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں زمین کے اندر پلیٹوں کی مسلسل حرکت رہتی ہے، جس کے باعث جاپان میں ہر سال اوسطاً 1500 زلزلے ریکارڈ کیے جاتے ہیں۔

رواں سال بھی جاپان میں 6 یا اس سے زیادہ شدت کے کئی زلزلے آ چکے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ خطہ مسلسل زلزلہ خیز سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button