
پٹنہ 2 نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)حکمراں جے ڈی یونے بہارکے دونوں اسمبلی حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں حلقوں سے جے ڈی یو کے امیدوار وں نے فتح یابی کا دوبارہ پرچم بلند کیا ہے۔دربھنگہ ضلع کے کشیشوراستھان اسمبلی حلقہ سے بھاری اکثریت سے فتح یابی کے بعد جے ڈی یو نے تاراپور اسمبلی سیٹ بھی فتح یابی حاصل کی ہے۔
ضمنی انتخاب میں نتیش کمار کا تیر صحیح نشانے پر لگا ہے۔ دونوں نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ اس کے ساتھ ہی لالو پرساد کے انتخابی جلسے سے خطاب کے بعد بھی آر جے ڈی ایک بھی سیٹ نہیں جیت پائی۔ تارا پور میں جے ڈی (یو) کے امیدوار راجیو کمار سنگھ نے آر جے ڈی امیدوار ارون کمار ساہ کو 3821 ووٹوں سے شکست دی۔
راجیو کمار سنگھ کو 78966 ووٹ ملے جبکہ ارون کمار ساہ کو 75145 ووٹ ملے۔کشیشوراستھان میں ہزاری خاندان دوبارہ جیت گیا۔ یہاں لالو یادو کا مسہڑکارڈ ناکام ہوگیا۔کشیشوراستھان میں جے ڈی یوکے امن ہزاری نے 12 ہزار 698 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔
انہیں کل 59828ووٹ ملے۔ وہیں آر جے ڈی کے گنیش بھارتی کو 47184ووٹ ملے۔ اسی وقت، نتائج آنے سے پہلے ہی، سابق وزیر اعلیٰ اورہندستان عوامی مورچہ کے سربراہ جیتن رام مانجھی نے جیت کیلئے جے ڈی یو کو پیشگی مبارکباد دی تھی۔ہار کے بعد لالو پرساد کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے کہا کہ کچھ لوگوں نے پارٹی کو برباد کرنے کا کام کیا ہے۔
جگدانند سنگھ، سنیل سنگھ اور شیوانند تیواری نے پارٹی کو شکست دی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ والد کو مہم میں لے کر انہوں نے انہیں بھی ہرانے کا کام کیا ہے۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عظیم اتحاد میں حلیف جماعتوں میں اختلاف اور انتشار کے سبب آر جے ڈی کو ناکامی ہاتھ لگی ہے۔ جبکہ این ڈی اے میں اتحاد قائم رہابی جے پی سمیت تمام حلیف جماعتوں نے جے ڈی یو کے امیدوار کی فتحیابی کیلئے متحدہ کوشش کی جس کے مثبت نتائج برآمدہوئے۔



