جیٹ ایئرویز کے بانی نریش گوئل کے 538 کروڑ روپے کے اثاثے ضبط
تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزم نے بیرون ملک کئی ٹرسٹ بنائے اور ان ٹرسٹوں کے ذریعے اس نے متعدد غیر منقولہ جائیدادیں خریدیں۔
نئی دہلی ، یکم نومبر:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)ای ڈی نے جیٹ ایئرویز کے بانی نریش گوئل اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ کمپنی کے خلاف بڑی کاروائی کی ہے۔ جانچ ایجنسی نے بدھ کو اس کی جانکاری دی۔ ایجنسی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جیٹ ایئر ویز کے بانی نریش گوئل، ان کے خاندان کے ارکان اور کمپنی کے 538 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثوں کو مبینہ بینک لون فراڈ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کے حصے کے طور پر ضبط کیا گیا ہے۔ یہ جائیدادیں لندن، دبئی اور بھارت میں موجود ہیں۔تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جیٹ ایئرویز (انڈیا) لمیٹڈ (جے آئی ایل) کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) 2002 کے دفعات کے تحت 538.05 کروڑ روپے کے اثاثوں کو عارضی طور پر منسلک کیا ہے۔ ضبط کی گئی جائیدادوں میں 17 رہائشی فلیٹس اور بنگلے اور کمرشل احاطے شامل ہیں۔
لندن، دبئی اور ہندوستان کے مختلف شہروں میں واقع یہ جائیدادیں۔ جیٹ ایئر ویز پرائیویٹ لیمیٹیڈ، جیٹ انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لیمیٹٹ،، نریش گوئل، ان کی اہلیہ انیتا اور بیٹے نیوان اور کچھ دیگر کمپنیوں کے نام پر ہیں۔ منی لانڈرنگ کا یہ معاملہ سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کی طرف سے جیٹ ایئرویز، گوئل، ان کی بیوی انیتا گوئل اور کمپنی کے کچھ سابق اہلکاروں کے خلاف مبینہ دھوکہ دہی کے معاملے میں درج کی گئی ایف آئی آر سے سامنے آیا ہے۔ایف آئی آر بینک کی شکایت پر درج کی گئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اس نے جیٹ ایئرویز (انڈیا) لمیٹڈ کو 848.86 کروڑ روپے کا قرض دیا تھا، جس میں سے 538.62 کروڑ روپے بقایا تھے۔ اس سے قبل، ریمانڈ کی سماعت کے دوران، تحقیقاتی ایجنسی نے کہا تھا کہ جیٹ ایئر ویز کے بانی نے بیرون ملک مختلف ٹرسٹ بنا کر ہندوستان سے باہر کے ممالک میں رقم کا غبن کیا۔
تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزم نے بیرون ملک کئی ٹرسٹ بنائے اور ان ٹرسٹوں کے ذریعے اس نے متعدد غیر منقولہ جائیدادیں خریدیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ان ٹرسٹ کے لیے استعمال ہونے والی رقم کچھ نہیں بلکہ پروسیڈ آف کرائم (پی او سی) ہے جو ہندوستان سے بیرون ملک بھیجی گئی تھی۔ای ڈی نے کہا کہ ان کی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ گوئل نے ممبئی میں اعلیٰ قیمت کی جائیدادیں خریدی تھیں اور بعد میں انہیں فروخت کیا تھا۔ انہوں نے ہندوستان میں کمپنیوں کا ایک نیٹ ورک بھی بنایا جس کے ذریعے اس نے بہت سی غیر منقولہ جائیدادیں حاصل کیں۔
ایک آڈٹ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے، ای ڈی نے دعوی کیا ہے کہ جیٹ ایئر ویز (انڈیا) لمیٹڈ (جے آئی ایل) کے ذریعہ لیا گیا قرض فرنیچر، ملبوسات اور زیورات جیسے فکسڈ اثاثوں کی خریداری کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔گوئل کے رہائشی عملے کی تنخواہیں اور ان کی بیٹی کی ملکیت والی پروڈکشن کمپنی کے آپریٹنگ اخراجات بھی جے آئی ایل اکاؤنٹس سے ادا کیے گئے تھے۔ گوئل کو ای ڈی نے یکم ستمبر کو منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت گرفتار کیا تھا۔ وہ فی الحال ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں عدالتی حراست میں ہیں۔



