
جھارکھنڈ میں چونکا دینے والا واقعہ، 13 سالہ نابالغ لڑکی ماں بن گئی
جھارکھنڈ میں 13 سالہ نابالغ لڑکی کی ڈیلیوری، گاؤں کے نوجوان پر الزام
دھنباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)جھارکھنڈ کے دھنباد میڈیکل کالج اسپتال میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں گرڈیہ کی 13 سالہ نابالغ لڑکی ماں بن گئی۔ لڑکی کو منگل کی شام اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں گائنی اور پرسوتی شعبہ میں اس کی نارمل ڈیلیوری کی گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق لڑکی اور نومولود دونوں صحت مند ہیں اور انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ گاؤں کا ایک نوجوان لڑکی کو حاملہ کرنے کا ذمہ دار ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مذکورہ نوجوان لڑکی سے شادی کے لیے بھی تیار ہے۔ تاہم اہل خانہ نے ابھی تک تھانے میں شکایت درج نہیں کرائی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ وہ اس معاملے کو سماجی سطح پر سلجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سرائی ڈھیلا پولیس اسٹیشن اور چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کو اطلاع دے دی ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ کم عمری کی وجہ سے ڈیلیوری کے دوران خطرہ تھا، لیکن ٹیم نے احتیاط کے ساتھ بحفاظت نارمل ڈیلیوری کی۔یہ واقعہ پورے اسپتال اور علاقے میں موضوع بحث بنا ہوا ہے اور ہر کوئی اس پر حیرت کا اظہار کر رہا ہے۔



