
نابالغ بیٹے کے سامنے خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری، تفتیش جاری
جموئی؍پٹنہ: (اردودنیا.اِن) اگرچہ بہار حکومت نظم و نسق کے لاکھ دعوے کرلے ، لیکن پھر بھی بہار میں جنگل راج اپنے شباب پر ہے ۔ تازہ اطلاع کے مطابق جموئی کے چکائی نامی علاقہ میں دبنگ پڑوسیوں نے ایک خاتون کو یرغمال بناکر اس کے ساتھ چاقو کے زور پر اس کے بیٹے کے سامنے مبینہ طورپر اجتماعی عصمت دری کی۔ جب خاتون نے احتجاج کیا ،تو اسے لات اور گھونسے سے مارا ، پھر چاقو سے وار کرکے اسے زخمی کردیا۔
عورت کے ساتھ جنسی زیادتی کے بعد ملزمین فرار ہوگئے۔
متأثرہ خاتون اپنے بیٹے کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچ کر ایف آئی آر درج کروائی۔ خاتون کو طبی امداد کیلئے صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے پولیس افسر روی شنکر کمار نے بتایا کہ خاتون سے فردِ بیان لیا گیا ہے، خاتون کا شوہر فوت ہوچکاہے ، وہ ا پنے بیٹے کے ساتھ رہتی ہے ،
اس عورت کی عمرتقریباً 35 سال ہے۔ وہ دوسروں کے کھیت کام کرتی ہے۔ پولیس تھانہ افسر نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی گاؤں سے کچھ دوری پر ایک زمین ہے۔ تمام ملزمان ان پر وہ زمین لینے کے لئے دباؤ ڈال رہے تھے ، لیکن عورت ایسا نہیں کررہی تھی۔
پڑوسی اسے بار بار دھمکیاں دے رہے تھے۔متأثرہ کے بیٹے نے بتایا کہ بدھ کی صبح پڑوس کے سکھدیو یادو اور مہندر یادو گھر میں گھس آئے اور چاقو کے نوک پر دونوں کو دھمکایا۔ماں بیٹے کو خاموش رہنے کو کہا۔ شور مچانے کی صورت میں قتل کی دھمکی دے کران لوگوں نے جنسی زیادتی انجام دیا۔
متعلقہ پولیس اسٹیشن افسر راجیو تیواری نے بتایا کہ متاثرہ نے اس سلسلے میں شکایت درج کرائی ہے ۔ متاثرہ خاتون کو علاج کے لئے صدر اسپتال بھیج دیا گیا ہے،پورے معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔



