قومی خبریں

منالی میں کنگنا رناوت کے خلاف شدید احتجاج، ’’گو بیک کنگنا‘‘ کے نعرے اور بلیک فلیگ لہرائے گئے

بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر عوامی غصے کا سامنا، ویڈیوز وائرل

منالی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ہماچل پردیش کے منالی میں جمعرات، 18 ستمبر کو بی جے پی ایم پی اور بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو مقامی عوام کے سخت احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ ’’گو بیک کنگنا، یو آر لیٹ‘‘ کے نعرے لگائے گئے اور لوگ بلیک فلیگ لہرا کر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے نظر آئے۔

یہ احتجاج اس وقت شروع ہوا جب کنگنا رناوت بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر پتلکُہل، کلو اور منالی کے علاقوں میں پہنچیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ ان کے قافلے کے قریب نعرے بازی کر رہے ہیں جبکہ بی جے پی لیڈران مقامی عوام کو سمجھانے کی کوشش میں گرما گرمی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ایک اور ویڈیو میں کنگنا رناوت ایک متاثرہ شہری سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ذاتی ریسٹورنٹ کے مالی نقصانات کا ذکر کرتی نظر آئیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام کے دکھ سننے کے بجائے وہ اپنی مشکلات بیان کر رہی ہیں۔اس سے قبل کنگنا کئی مرتبہ سیاست میں دلچسپی نہ لینے کا اظہار کر چکی ہیں اور کہا تھا کہ ایم پی کی ذمہ داریاں سماجی خدمت جیسا بوجھ ہیں۔

منالی اور کلو کے علاقے 25 اور 26 اگست کو شدید بارش، لینڈ سلائیڈ اور سیلاب کی لپیٹ میں آئے تھے۔ بیاس ندی کے تیز بہاؤ نے ایک ہوٹل، چار دکانیں اور قومی شاہراہ کے کئی حصے بہا دیے، جبکہ متعدد گھروں اور سڑکوں کو نقصان پہنچا۔

کنگنا نے سولاگ اور پلچن کے متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا اور عوامی مسائل سنے۔ مقامی رہائشیوں نے شکایت کی کہ بیاس ندی پہاڑ کو کاٹ رہی ہے اور پورا گاؤں خطرے میں ہے، لہٰذا ندی کا بہاؤ موڑنا ناگزیر ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے کنگنا نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ہماچل پردیش میں قدرتی آفات کی شدت بڑھ گئی ہے جس کی بڑی وجوہات میں جنگلات کی کٹائی، بے تحاشا تعمیرات اور ناکافی ڈرینج سسٹم شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو بچانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button