بنگلورو:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)کنڑ فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ رانیا راؤ کو 14.8 کلو گرام سونا اسمگل کرنے کے الزام میں بنگلورو ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔ پیر کی رات (3 مارچ 2025) کو حکام نے انہیں حراست میں لے کر اقتصادی جرائم کی عدالت میں پیش کیا، جہاں منگل کی شام جج کے سامنے سماعت کے بعد انہیں 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔اداکارہ کو عدالتی حراست میں بھیجنے سے قبل بؤرنگ اسپتال میں طبی معائنے کیا گیا، جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
پچھلے 15 دنوں میں 4 بار دبئی کا سفر
پولیس ذرائع کے مطابق، رانیا راؤ نے گزشتہ 15 دنوں کے دوران چار مرتبہ دبئی کا سفر کیا تھا، جس پر پہلے ہی شبہات پیدا ہو چکے تھے۔ جب انہیں تفتیش کے لیے روکا گیا تو انہوں نے مبینہ طور پر خود کو کرناٹک کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی بیٹی ظاہر کر کے مقامی پولیس سے مدد لینے کی کوشش کی، لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
دہلی ڈی آر آئی ٹیم کو سونا اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی معلومات ملی تھیں۔ نتیجتاً، ڈی آر آئی افسران 3 مارچ کو رانیا کی آمد سے دو گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچ گئے۔ وہ دبئی سے امارات کی پرواز کے ذریعے پہنچی اور پیر کی شام تقریباً 7 بجے بینگلور ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا۔
ڈی آر آئی (Directorate of Revenue Intelligence) کے ایک سینئر اہلکار نے اس کیس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا،"یہ ایک الگ تھلگ واقعہ نہیں ہو سکتا۔ ہمیں شک ہے کہ یہ ایک بڑے بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ ہے۔ ہم پورے نیٹ ورک کی گہرائی سے تفتیش کر رہے ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔”
پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا رانیا راؤ کسی بڑے اسمگلنگ گروہ کا حصہ تھیں یا وہ تنہا یہ کام کر رہی تھیں۔ ساتھ ہی یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ آیا کسی پولیس افسر یا آئی پی ایس رشتہ دار کو ان کے غیر قانونی کاموں کی معلومات تھیں یا انہیں گمراہ کیا گیا۔ رانیا راؤ کو پوچھ گچھ کے لیے بنگلورو میں ڈی آر آئی کے ہیڈکوارٹر منتقل کر دیا گیا ہے اور کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے اداکارہ رانیا راؤ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رواں سال 27 مرتبہ دبئی جا چکی ہیں، جس سے ان کے خلاف شکوک و شبہات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔
ڈی آر آئی کا مؤقف:
عدالت میں سماعت کے دوران ڈی آر آئی کے وکیل نے کہا کہ معاملے کی گہرائی تک پہنچنے اور پروٹوکول کی خلاف ورزی سمجھنے کے لیے رانیا راؤ کی تحویل ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جانچنا اہم ہے کہ سونے کی اسمگلنگ کی مبینہ سازش کیسے رچی گئی۔
دوسری جانب، رانیا راؤ کے وکیل نے ڈی آر آئی کے دعوے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب ایجنسی کو پہلے تفتیش کرنی تھی تو انہوں نے ایسا کیوں نہیں کیا اور انہیں عدالتی حراست میں کیوں بھیج دیا گیا؟ اب، جب رانیا نے ضمانت کی درخواست دی ہے، تو اچانک ان کی تحویل کا مطالبہ مشکوک لگتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رانیا کا لیپ ٹاپ پہلے ہی ضبط کیا جا چکا ہے اور اس کا ڈیٹا ایجنسی کے پاس موجود ہے، تو پھر دوبارہ حراست کا مطالبہ کیوں کیا جا رہا ہے؟
یہ ہائی پروفائل کیس مسلسل سرخیوں میں ہے، اور رانیا راؤ کی گرفتاری کے بعد فلم انڈسٹری میں بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سب کی نظریں جمعہ کو متوقع ضمانت کے فیصلے پر لگی ہوئی ہیں، جو اس کیس میں اہم موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔



