بین ریاستی خبریںسرورق

نجی بس میں 12 سالہ بچے سے ٹوائلٹ صاف کروانے کا شرمناک واقعہ،ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج

باپ کو گالیاں دینے پر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ

اے سی پی کا بیان: ڈرائیور کو جیل بھیجا گیا، واقعہ کی مکمل تحقیقات جاری ہیں

کانپور:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ایک افسوسناک واقعہ میں ہریدوار سے کانپور واپس آنے والی ایک پرائیویٹ بس میں 12 سالہ بچے سے ٹوائلٹ صاف کروایا گیا۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق شاستری نگر، کانپور کے سابق کونسلر اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہریدوار سے واپس آ رہے تھے۔ سفر کے دوران ان کے 12 سالہ بیٹے کو اچانک پیٹ میں خرابی محسوس ہوئی، جس کے باعث بچے نے بس میں موجود ٹوائلٹ استعمال کیا۔ ٹوائلٹ استعمال کے بعد تھوڑی گندگی ہو گئی۔

خاندان والوں کے مطابق، بس ڈرائیور مہندر سنگھ نے بس روک دی اور گالیاں دیتے ہوئے بچے کے والد کو بلایا۔ جب والد آئے تو ڈرائیور نے ان سے بدتمیزی کی اور دھمکی دی کہ جب تک ٹوائلٹ صاف نہیں کیا جاتا، بس آگے نہیں بڑھے گی۔ اس کے بعد ڈرائیور نے خود بچے سے زبردستی صفائی کروائی۔

بچے کے والد نے پورے واقعے کی ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتے ہوئے پولیس کو ٹیگ کیا۔ ویڈیو وائرل ہوتے ہی پولیس حرکت میں آ گئی۔ جیسے ہی بس فاضل گنج پولیس اسٹیشن کے دائرے میں پہنچی، پولیس موقع پر پہنچی اور ڈرائیور کو حراست میں لے کر اس کے خلاف پبلک پیس ایکٹ کی دفعہ کے تحت چالان کیا۔

اس معاملے پر بات کرتے ہوئے اے سی پی آئی پی سنگھ نے بتایا کہ یہ واقعہ میرٹھ کے قریب پیش آیا تھا، لیکن شکایت کانپور میں درج کی گئی۔ ڈرائیور کو جیل بھیج دیا گیا ہے اور معاملے کی گہرائی سے تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button