کرولی میں پھر ہنگامہ آرائی: معمولی جھگڑے میں نوجوان پر حملہ، بازار بند، بھاری پولس تعینات
کرولی ، 7جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)راجستھان کے کرولی میں جمعرات کو معمولی بات پر ایک نوجوان پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کردیا گیا۔ اس دوران نوجوان کو بچانے آئے اس کا والد بھی زخمی ہوگیا۔ واقعہ کی خبر سے شہر میں افراتفری مچ گئی۔ دکانوں کے شٹر دھڑا دھڑ گرنے لگے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کیا۔ بعد میں ضلع کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ بھی موقع پر پہنچے اور افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی۔ کچھ ہی دیر میں بازار سے بھیڑ غائب ہو گئی اورصرف پولیس دکھائی دینے لگی۔
جس کی وجہ سے لوگ ایک بار خوف میں آگئے۔ واقعہ کے تقریباً ایک گھنٹے بعد جب معاملہ پرسکون ہوا تو بازار دوبارہ کھلنے لگے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے کرولی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ شہر کے بھدرا بازار میں دوپہر 12 بجے کے قریب سڑک سے نکلتے وقت کچھ نوجوان آپس میں الجھ پڑے اور ہاتھا پائی ہوئی ، دیکھتے ہی دیکھتے یہ جھگڑا لڑائی میں بدل گیا۔ اس دوران تین چار نوجوانوں نے ایک نوجوان پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کر دیا۔ اس پر نوجوان کا باپ اسے بچانے آیا تو اس کے ہاتھ میں بھی چوٹ آئی۔ جھگڑے میں باپ بیٹا زخمی ہو گئے۔ آس پاس موجود لوگوں نے زخمیوں کو کرولی اسپتال لے جایا۔ وہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے 3 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔واقعہ سے پیدا صورتحال کے پیش نظر شہر میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس کی موبائل یونٹ مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ کلکٹر انکت کمار سنگھ اور ایس پی نارائن توگس نے شہر کا دورہ کیا اور لوگوں سے افواہوں پر کان نہ دھرنے اور امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مئی مہینے میں بھی کرولی میں ہندو مسلم تشدد دنگا بھڑکا گیا تھا ، جس میں مالی نقصانات ہوئے ، اور کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ۔



