بین الاقوامی خبریں

کریم خان پر جنسی ہراسمنٹ کا الزام، انٹرنیشنل کرائم کورٹ کا بیرونی تحقیقات کا اعلان

کریم خان پر اپنے دفتر کی ایک خاتون ساتھی کے ساتھ مبینہ جنسی ہراس کا الزام ہے۔

دی ہیگ،12نومبر (ایجنسیز) انٹرنیشنل کرمنل کورٹ ICC کی ‘اسمبلی آف اسٹیٹس پارٹیز’ ASP نے پیر کے روز اعلان کیا کہ وہ اپنے چیف پراسیکیوٹر کریم خان کے خلاف جنسی ہراس کے دعوؤں کی بیرونی تحقیقات کے لیے کوشاں ہے۔ دوسری جانب کریم خان ان الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔اے ایس پی کی صدر پیوی کوکورانٹا نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ بیرونی تحقیقات ضروری ہیں تا کہ کارروائی کا مکمل طور پر آزاد، غیر جانب دار اور منصفانہ ہونا یقینی بنایا جا سکے۔برطانوی شہریت رکھنے والے 54 سالہ چیف پراسیکیوٹر نے بیرونی تحقیقات کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

کریم خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں اپنے اختیارات کے مطابق بطور چیف پراسیکیوٹر مختلف شعبوں میں تمام دیگر ذمے داریاں انجام دیتا رہوں گا۔واضح رہے کہ کریم خان پر توجہ رواں سال مئی میں اس وقت مرکوز ہوئی جب انھوں نے آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو، اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ اور حماس کے تین اہم رہنماؤں اسماعیل ھنیہ، یحییٰ السنوار اور محمد الضیف کیخلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جائیں۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا کہ کریم خان پر اپنے دفتر کی ایک خاتون ساتھی کے ساتھ مبینہ جنسی ہراس کا الزام ہے۔ تاہم خان کے مطابق اس نوعیت کے کسی بھی سلوک کے بارے میں باتیںبے بنیاد ہیں۔آئی سی سی نے کریم خان کی درخواست پر اسرائیلی اعلیٰ عہدے داران اور حماس کے رہنماؤں کے خلاف وارنٹ جاری کرنے کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button