کرناٹک اسمبلی کی نام نہاد’تطہیر‘: کانگریس نے گنگا جل اورگئو متر کاکیاچھڑکاؤ کرکے ہنومان چالیسا کاکیاپاٹھ
کانگریس پارٹی نے پیر کو کرناٹک قانون ساز اسمبلی کی گنگا جل اورگئو متر سے’’ تطہیر‘‘کر ڈالی
بنگلور،22مئی :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کانگریس پارٹی نے پیر کو کرناٹک قانون ساز اسمبلی کی گنگا جل اورگئو متر سے’’ تطہیر‘‘کر ڈالی ۔ پارٹی لیڈروں نے ودھان سبھا بھون میں گنگا جل اور گائے کا پیشاب چھڑکایا اور ہون پوجن کے بعد ہنومان چالیسا کا پاٹھ کیا۔ کانگریس نے کہا کہ بی جے پی نے اپنی بدعنوانی سے اسمبلی کو ’اشودھ‘ کردیا ہے۔ کرناٹک کے ڈپٹی سی ایم ڈی کے شیوکمار نے اس سال جنوری میں کہا تھا کہ اسمبلی کو گائے کے پیشاب سے ’پاک‘کرنے کا وقت آگیا ہے۔
کانگریس نے بی جے پی کی ڈبل انجن والی حکومت کو مصیبت کے انجن والی حکومت قرار دیا تھا۔ 5 مئی کو کرناٹک کانگریس نے ایک ’کرپشن ریٹ کارڈ‘ جاری کیا تھا جس میں حکمراں بی جے پی حکومت کے گھوٹالوں کی تفصیل دی گئی تھی۔ تب اپوزیشن میں بیٹھی کانگریس نے الزام لگایا تھا کہ بی جے پی حکومت نے اقتدار میں رہتے ہوئے 1.50 لاکھ کروڑ روپے لوٹے ہیں۔ اس میں وزیر اعلیٰ کا ریٹ 2500 کروڑ روپے اور ایک وزیر کے عہدے کا ریٹ 500 کروڑ روپے ہے۔2 مئی کو کانگریس نے کرناٹک انتخابات کے لیے اپنا منشور جاری کیا، جس میں پی ایف آئی اور بجرنگ دل جیسی تنظیموں پر پابندی لگانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔



