بین ریاستی خبریں

کرناٹک کانگریس ایم ایل اے ستیش کرشنا سیل منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار

کرناٹک کانگریس ایم ایل اے ستیش کرشنا سیل گرفتار، غیر قانونی آئرن اور منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کی کارروائی

بنگلور:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کرناٹک کانگریس کے ایم ایل اے ستیش کرشنا سیل کو مبینہ منی لانڈرنگ اور غیر قانونی آئرن برآمدات کے الزام میں ایڈوانسمنٹ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ED) نے گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 59 سالہ سیل کو منگل کی رات ای ڈی کے بنگلور زونل دفتر میں تفتیش کے بعد حراست میں لیا گیا۔

بدھ کو انہیں خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جس نے ایک روز کے لیے ای ڈی کے حوالے کر دیا۔ ایجنسی مزید ریمانڈ کے لیے انہیں دوبارہ عدالت میں پیش کرے گی۔یہ کانگریس کے ایم ایل اے کی دوسری بڑی گرفتاری ہے۔ اگست میں ای ڈی نے چترادرگا کے ایم ایل اے کے سی ویرندرا ‘پپی’ کو غیر قانونی بیٹنگ سے جڑے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔

یہ کیس 2010 میں کرناٹک لوک ایتھکا کی تحقیقات سے شروع ہوا، جس میں بیلاری سے بیلیکری پورٹ تک تقریباً آٹھ لاکھ ٹن آئرن کے غیر قانونی نقل و حمل کا انکشاف ہوا۔ ای ڈی نے 13 اور 14 اگست کو کرناٹک، گووا، ممبئی اور دہلی میں مختلف کمپنیوں کے دفاتر پر چھاپے مارے، جن میں آشرپا مائن کیم،شری لال محل،سواستک اسٹیلز (ہوسپیٹ)،ILC انڈسٹریز،شری لکشمی وینکٹیشورا مائنرلز شامل ہیں۔

ایجنسی کے مطابق ستیش کرشنا سیل نے شری مللیکارجن شپنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ذریعے دیگر کمپنیوں اور بیلیکری پورٹ کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر 1.25 لاکھ میٹرک ٹن آئرن غیر قانونی طور پر برآمد کی، جس کی مالیت تقریباً 86.78 کروڑ روپے بنتی ہے۔ یہ برآمدات جنگلاتی محکمے کے ضبط شدہ مال پر کی گئیں۔

چھاپوں کے دوران ای ڈی نےسیل کے گھر سے 1.41 کروڑ روپے نقد،شری لال محل لمیٹڈ کے دفتر سے 27 لاکھ روپے نقد۔سیل کے خاندانی لاکر سے 6.75 کلوگرام سونا اور زیورات مختلف بینک اکاؤنٹس میں موجود 14.13 کروڑ روپے منجمد مال ضبط کیا۔

ای ڈی نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات بدستور جاری ہیں اور اس کیس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔یہ کارروائی خصوصی عدالت کے سابقہ حکم پر مبنی ہے، جس میں ستیش کرشنا سیل اور دیگر کے خلاف آئرن اور غیر قانونی برآمدات کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button