بین ریاستی خبریں

لاک ڈاؤن کاقانون توڑنے پر پولیس نے ذہنی طور پر معذور شخص کوپیٹ پیٹ کرمارڈالا، 8 پولیس اہلکار معطل

بنگلور:(اردودنیا/ایجنسیاں)مدیکیری قصبے میں پولیس اہلکاروں نے لاک ڈاؤن اصولوں کی خلاف ورزی کے الزام میں ایک 50 سالہ ذہنی طورپر معذور شخص کو مبینہ طور پر گذشتہ ہفتے پیٹ پیٹ کرمارڈالاتھا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے آج بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد آٹھ پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔کرناٹک سدرن رینج کے انسپکٹر جنرل پولیس پرین مدھوکر پوار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مقتول کے بھائی رابن ڈسوزا کی شکایت پر پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وراج پیٹ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس نے آٹھ پولیس اہلکاروں کے خلاف رپورٹ پیش کی، جس کی بنیاد پر ان سب کو معطل کردیا گیا ہے۔پوار نے کہاکہ تحقیقات سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی ایم) کررہے ہیں۔ نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے رہنما خطوط کے مطابق ہم معاملہ سی آئی ڈی کے حوالے کر رہے ہیں۔کنبہ کے افراد نے بتایا کہ رائے ڈیسوزا ذہنی طور پرمعذور تھا اور وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہ رہاتھا،

جبکہ اس کا بھائی روبن بنگلورو میں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ رائے 8 جون کو دیر رات اپنے گھر سے بھاگ گیا۔ پولیس والوں نے اسے گھومتے پھرتے دیکھا اور لاک ڈاؤن کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر اس سے پوچھ گچھ کی اور اس کی پٹائی کی۔اہل خانہ نے بتایا کہ 9 جون کی صبح اس کی والدہ کو پولیس اسٹیشن بلایا گیا،

جہاں رائے بے ہوشی کی حالت میں پڑا تھا۔ اسے پہلے مقامی نجی اسپتال اور پھر ڈسٹرکٹ اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر رابن میڈیکیری آئے اور سپرنٹنڈنٹ پولیس کشما مشرا کے پاس شکایت درج کروائی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button