قومی خبریں

کشمیر: سابق آئی اے ایس افسر شاہ فیصل ایل جی کے ہوسکتے ہیں مشیر

سری نگر ، ۹؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سابق آئی اے ایس افسر شاہ فیصل کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا مشیر مقرر کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شاہ فیصل لیفٹیننٹ گورنر اور انتظامیہ کو مقامی معاملات پر مشورہ دیں گے۔ شاہ فیصل کی تقرری کی خبر ایک ایسے وقت آئی جب وادی میں شہری مبینہ طور پر انتہا پسندوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔

کشمیر میں دہشت گردوں نے 5 دنوں میں 7 شہریوں کو ہلاک کیا ہے۔خیال رہے کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد شاہ فیصل نے پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت نظر بند رہنے کے بعد سیاست سے ترک تعلق کا اعلان کیا تھا۔ 2009 میں آئی اے ایس میں ٹاپ کرنے والے شاہ فیصل کو جموں و کشمیر کے لوگ ’یوتھ آئی کون‘ کے طور پر دیکھتے ہیں۔

آئی اے ایس میں ٹاپ کرنے کے بعد شاہ فیصل نے 10 سال تک سرکاری سروس میں خدمات انجام د ی، اور 2019 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ آئی اے ایس کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد ، شاہ فیصل نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا اور 2019 میں ہی ایک نئی سیاسی جماعت بنائی۔

شاہ فیصل کا سیاست کی راہداریوں میں سفر شاید مختصر رہا ہو ، لیکن وادی کے لوگوں کے ساتھ ان کا گہرا تعلق ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر شاہ فیصل کو لیفٹیننٹ گورنر کا مشیر مقرر کیا جاتا ہے ،تو اس سے حکومت کو جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے بات چیت میں مدد ملے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button